روس – یوکرین جنگ: روسی حملے میں میڈیکل اسٹوڈنٹ نوین کی موت

روس نے یوکرین میں تباہی کا عالم برپا کر رکھا ہے۔ ابھی تک دونوں ممالک کے درمیان مذاکرہ سے کوئی حل نہیں نکل سکا ہے۔ اس درمیان روسی حملے نے ہندوستان کو بھی شدید زخم دیا ہے۔ یوکرین میں میڈیکل کی پڑھائی کرنے گئے طالب علم نوین کمار کی موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ یوکرین کے خارکیف میں آج صبح ہوئی شدید گولہ باری میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت سے متعلق جانکاری دی۔

ارندم باگچی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”ہم گہرے دکھ کے ساتھ اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ آج صبح خارکیف میں ہوئی بمباری میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت ہو گئی۔ وزارت ہندوستانی طالب علم کی فیملی کے رابطے میں ہے۔ ہم طلبا کے گھر والوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔” نوین کمار کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ کرناٹک کا رہنے والا تھا اور میڈیکل کی پڑھائی کرنے یوکرین گیا تھا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان باگچی نے بتایا کہ وزارت خارجہ لگاتار روس اور یوکرین کے سفیروں کے ساتھ رابطہ میں ہے اور ہندوستانی شہریوں کو ملک واپس لانے کے لیے محفوظ راستہ نکالا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کئی طلبا اب بھی خارکیف سمیت دوسرے شہروں میں پھنسے ہیں۔ روس اور یوکرین میں موجود سفیر بھی اسی طرح کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خارکیف واقع گورنر ہاؤس پر صبح 7 بجے کے قریب جب کئی طلبا کھانے کے لیے لائن میں لگے ہوئے تھے، اسی دوران حملہ ہوا اور نوین اس کی زد میں آ گیا۔ خرکیف میں صبح جس گورنر ہاؤس کو روسی فوج نے اڑایا، اسی کے پاس نوین کھڑے تھے۔ نوین خرکیف میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل کے چوتھے سال کے طالب علم تھے۔ ایک فون ان کے پاس تھا جس کے ذریعہ ان کی شناخت ہوئی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com