نئی دہلی(عامر ظفر ؍ملت ٹائمز)
قومی انسٹی ٹیوٹ کے طلباء وطالبات نے آج اپنا رنگ رنگا ثقافتی پروگرام پیش کیا اور یوم جمہوریہ کا جشن منایا ۔قومی انسٹی ٹیوٹ کے طلبا ء وطالبات نے تقریری پروگرام پیش کیا ،آزادی کی لڑائی پر مشتمل ایک ڈرامہ بھی بچوں نے پیش کیا جس میں مجاہدین آزادی کی خدمات کو بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا،لڑکیوں نے علامہ اقبال کا ترانہ سارے جہاں سے اچھاہندوستاں ہمارا پیش کیا،جبکہ لڑکوں نے جھنڈالہراتے وقت قومی ترانہ پڑھا۔
اس موقع پر سامعین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی جنہوں نے طلبہ وطالبات کی کارکردگی کو بہت سراہا،اس موقع پر بہارکانگریس کے سکریٹری جناب صابر مستان نے یوم جمہوریہ کی اہمیت پر تقریر کرتے ہوئے بچوں کی کاردگی کوبہت سراہااور انہیں مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پرمولانا جسیم الدین ،عبداللہ شہید،مولانا آصف رضا،محمد منت اللہ صدیقی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اخیر میں قومی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور ملت ٹائمز کے اسسٹنٹ ایڈیٹر سید محمد ذوالقرنین نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا ۔