مدرسہ “ابو بکر صدیق سہسپور” کے زیرِ اہتمام “ادعیۂ ماثورہ” کا مسابقہ

ملت ٹائمز/ احمد شھزاد قاسمی
مکاتب ومدارس دین کے قلعے اور اسلام کی روح ہیں یہاں قوم کے بچوں کو اسلامی شعار وعقائد سے روشناس کرایا جاتا ہے کم عمر بچوں کے ذہنوں میں اسلام کی محبت و عظمت بٹھائی جاتی ہے آج کے اس عالمگیریت اور مادیت کے دور میں مدارس کی افادیت کو بر قرار رکھنے کے لئے اہالیانِ مدارس کی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے اسی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بعض اہلِ مدارس جدید طرزِ فکر کے ساتھ میدان میں آئے ہیں جو دینی علوم کی نشو ونما کے ساتھ ساتھ عصری علوم کی تحصیل میں بھی معاون ثابت ہورہے ہیں اسی طرزِ فکر کی ایک کڑی مدرسہ “سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ “کے نام سے قصبہ سہسپور ضلع بجنور میں واقع ہے، مدرسہ ہذا کل وقتی اور جز وقتی اوقات پر مشتمل ہے جہاں اسکول وکالج کے طلبا زیرِ تعلیم ہیں، یہاں جید اساتذہ کرام کی نگرانی میں عصری علوم کے طلبا کلام پاک کے ساتھ ساتھ عقائد عبادات فرائض واجبات سنن ومستحبات کے علاوہ ضروریاتِ دین سے بہرہ ور ہوتے ہیں۔
طلبا میں شوق ورغبت پیدا کر نے کے لئے مدرسہ کے زیرِ انتظام وقفہ وقفہ سے مسابقہ کا اہتمام کر کے طلبا کو انعامات سے نوازا جاتاہے گزشتہ کل “ادعیہء ماثورہ” کے عنوان سے مفتی افتخار قاسمی جامع مسجد جلال آباد بجنور اور احمد شھزاد قاسمی (بیورو چیف ملت ٹائمز) کی زیرِ حکمیت ایک شاندار مسابقہ منعقد ہوا جس میں حاضرین کی مو جودگی میں طلبا نے بہت اچھے انداز میں مسنون دعائیں سنائیں۔ واضح رہے کہ مدرسہ ہٰذا میں اس سے قبل بھی عقائد فرائض و واجبات کے تعلق سے بھی مسابقہ ہو چکا ہے اور آئندہ بڑے پیمانہ پر کر نے کا عزم ہے، اس موقع پر سہسپور مدارس کے ذمہ داروں نے شرکت کر کے دعاؤں سے نوازا خاص طور سے شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی رحمہ اللہ کے شاگرد مولانا عبد الحق قاسمی سہسپوری مفتی عقیل احمد مدرسہ کے روح رواں قاری محمد تحسین صاحب صدر المدرسین مولانا محمد عابد قاسمی مولانا عبد الرؤف قاسمی ببو رانا اور شھر کے معزز افراد موجود رہیں۔