گنگوہ (ملت ٹائمز)
ہندوستان کے دینی دعوتی اور اصلاحی دور ے پر آئے مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ کے دو مؤقر رکنی وفد مولانا ڈاکٹر حامد اکرم بخاری اور شیخ عامر بن محمد بہجت کی آج یہاں معروف تعلیمی درسگاہ جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ میں آمد ہوئی ، جنہیں جامعہ کے ناظم اعلیٰ مولانا مفتی خالد سیف اللہ نقشبندی نائب مہتمم قاری عبیدا لرحمن قاسمی اور اساتذہ وطلبہ نے خوش آمدید کہا، اس موقعہ پر مؤقر مہمان اور مسجد نبوی کے استاذ حدیث شیخ حامد اکرم بخاری نے مغرب کی نماز پڑھائی جس میں جامعہ کے طلبہ واساتذہ سمیت اہل قصبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے مہمان موصوف کی امامت میں نماز مغرب اداکی، بعد ازاں اپنے اعزاز میں منعقد ایک دینی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے دکتور حامد اکرم بخاری نے جامعہ اشرف العلوم میں اپنی آمد کو سعادت سے تعبیر کرتے ہوئے بے پناہ محبت ومسرت کا اظہار کیا ، انہوں نے کہاکہ ہمارا اور آپ کا رشتہ ایمان کارشتہ ہے جس سے بڑھ کر تواصل کا کوئی اور علاقہ نہیں ہوسکتا، موصوف نے کہا کہ وطنی اور نسبی رشتوں کا اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کلمہ اور ایمان کی نسبت ہمارا سب سے بڑا نقطۂ اتحاد ہے جس کی بنیاد پر ہم ایک دوسرے کے بھائی بھائی ہیں ، چنانچہ وحدت دین وملت کا یہی عنصر ہماری اجتماعیت وسرفرازی کا بھی روشن حوالہ ہے اوریہی ایمانی رشتہ کل روزِ قیامت بھی ہمارے بہتر فیصلہ کا ضامن ہوگا ، انہوں نے امام ربانی حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی کے علم وفضل کا بھی اجمالاً تذکرہ کیا ، مہمان موصوف نے کہاکہ ہم سب اپنے اندر مومنانہ صفات پیدا کریں ،ایک اور نیک بن کر انسانیت کی خدمت کریں، اسی سے ہماری دنیا وآخرت کی کامیابی وابستہ ہے ، مؤقر مہمان کی دعا پر یہ اعزازی مجلس اختتام پذیر ہوئی ۔واضح رہے کہ آپ کے ہمراہ مولانا سید حبیب اللہ مدنی سمیت دیگر علماء بھی تھے۔بعد ازاں یہ قافلہ دارالعلوم دیوبند کے لئے روانہ ہوگیا۔