نئی دہلی(ملت ٹائمز)
محکمہ انکم ٹیکس نے الیکشن کمیشن سے عام آدمی پارٹی کا رجسٹریشن منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔محکمہ انکم ٹیکس نے پارٹی کو ملنے والے چندے کے بارے میں جھوٹی آڈٹ رپورٹ داخل کرنے کی وجہ سے کمیشن سے آپ کا سیاسی پارٹی کے طور پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کے اس اقدام سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سخت خفاہوگئے ہیں ۔انہوں نے جمعہ کو ٹوئٹر پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’ایک بے شرم ڈکٹیٹر‘کہہ دیا۔اروند کیجریوال نے انکم ٹیکس محکمہ کے اس قدم کو مودی جی کی ناپاک سازش سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ایسا اس لیے کر رہی ہے ،کیونکہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ وہ ہفتہ کو پنجاب اور گوا میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں آپ کے ہاتھوں شکست کھانے والی ہے۔اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا ہے کہ گوا اور پنجاب میں ہونے والے بری شکست کے بعد وہ (مودی)انتخابات کے 24گھنٹے سے پہلے جیتنے والی پارٹی کا رجسٹریشن منسوخ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ذرائع ابلاغ میں آئی خبروں کے مطابق ،انکم ٹیکس محکمہ نے الیکشن کمیشن کو ایک رپورٹ سونپی ہے، اس رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ آپ نے 2013-14اور 2014-15میں جھوٹی اور غلط آڈٹ رپورٹ جمع کی تھی، اس وجہ سے ایک ٹرسٹ اور ایک پارٹی کے طور پر عام آدمی پارٹی کے رجسٹریشن پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے اور اسے منسوخ کر دیا جانا چاہیے ۔کیجریوال نے اپنے ٹوئٹ میں ایک روزنامہ میں شائع الیکشن کمیشن کو سونپی گئی انکم ٹیکس محکمہ کی رپورٹ کا لنک بھی شیئر کیا ہے۔