​یوم جمہوریہ پر اے ایم پی کی عوامی بیداری مہم کامیاب

 ایسوسی ا یشن آف مسلم پروفیشنلس نے ۶۰ شہروں کے ۳۰ ہزار طلباء کو لیکچر دیا

ممبئی۔ (ملت ٹائمز/پریس ریلیز)

 ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور انکی ٹیم نے ۲۶؍جنوری ۱۹۵۰ کو ہندوستان کادستور تیار کیا اور اس کے مکمل ہونے اور نافذ ہونے کا اعلان کیا جس کی وجہ سے ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ کو پہلا ’’یوم جمہوریہ‘‘ ہونے کا اعلان کیاگیا اور پورے ملک نے متحد ہوکر اس دن کو ’’یوم جمہوریہ‘‘ کی حیثیت سے منایا۔ ۲۶؍جنوری ۱۹۵۰ کو ہندوستان کے سیکولر ملک ہونے کا اعلان بھی کیاگیا ۔ امسال ’’یوم جمہوریہ‘‘ کے موقع پر ’’ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) نے قومی سطح پر ’’دستور ہند ہمارے حقوق ہماری ذمہ داریاں‘‘ عنوان کے تحت ایک لیکچر سریز کا اہتمام کیا تھا جس میں ہا ئر سکینڈری اسکول کے طالب علموں کو یوم جمہوریہ کی اہمیت ان کی ذمہ داریوں اور حقوق سے واقف کرایا گیا۔ یہ لیکچر سیریز ملک کے مختلف شہروں کے تین سو سے زائد اسکولوں میں منعقد کیاگیا تھا۔ اے ایم پی کے صدر عامرادریسی کے بقول ’’اے ایم پی کے اراکین نے ملک کے ۶۰؍شہروں کے لگ بھگ تیس ہزار طالب علموں کو مفید لیکچرس دئیے۔ ہم نے یہ سلسلہ ممبئی سے شروع کیا تھا اور ہماری ٹیم  نے پورے ملک کے مختلف شہروں میں اسکولوں میں لیکچرس کا انعقاد کیا‘‘۔ 

اے ایم پی کے کور گروپ ممبر سید ناشط نے  کہاکہ ’’ہمارے لیکچرس ممبئی، پونے، ناگپور، چنئی، ہبلی، لکھنو، راجا پور، اندور، ناسک، بیجا پور، احمد آباد، اورنگ آباد، مانگرول، ایٹا نگر، نابھا او رمنی پور میں بھی منعقد ہوئے۔ اے ایم پی کے آرگنایزنگ سیکریٹری صہیب سیلیا نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہم نے ممبئی میں پانچ خصوصی لیکچرس کا اہتمام کیا تھا جس میں سے ایک ۲؍فروری۲۰۱۷ کو ایم ایچ صابو صدیق ہائی اسکول میں رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر جناب محمد فاروق جی گھی والا (سی ایم ڈی ایف گھی والا کنسٹنس) بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ محمد فاروق گھی والا نے ا س موقع پر کہا ’’ملک کے ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ دیگر شہریوں کو ملک کے تئیں ہماری ذمہ داریوں سے واقف کرائیں‘‘۔ انہوں نے آگے کہا ’’اے ایم پی نے یہ ذمہ داری قبول کرکے ایک اچھی شروعات کی ہے۔محترمہ سکینہ بستا کو لیکچر دینے کا تجربہ ہے اور وہ اس میں مہارت رکھتی ہیں۔ ان کے لیکچر میں ڈھائی سو طالب علموں نے شرکت کی۔ ‘‘ قبل ازیں عامر ادریسی نے کہا ’’ممبئی میں ۲۶؍جنوری ۲۰۱۷ کو اے ایم پی دلی کے جنرل سکریٹری سید نجیب الرحمن نے مدنپورہ کے انجمن خیرالاسلام ہائی اسکول میں افتتاحی لیکچر میں شرکاء کو یوم جمہوریہ کے مفہوم اور ہماری ذمہ داریوں سے روشناس کرایا۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا یہ ایک خصوصی قومی مہم تھی جس کے تئیں اسکول کے طالب علموں کو وطن پرستی کی تعلیم دی گئی تاکہ یہ بڑے ہوکر ایک ذمہ دار اور فائدہ مند شہری بنیں‘‘۔ انجمن خیرالاسلام ہائی اسکول کی پرنسپل رابعہ قریشی نے کہا ’’مجھے اے ایم پی کی ٹیم سے مل کر اور ان کی محنت اور جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی۔ وطن کے تئیں ان کی محبت قابل قدر ہے۔ ‘‘