نئی دہلی، (ملت ٹائمز)
نوبیل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کے گھر چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔دوسرے سامان کے ساتھ چور نوبل انعام کی ریپلکا بھی لے گئے۔یہ چوری ان کے کالکاجی علاقے میں واقع اراولی اپارٹمنٹ میں ہوئی ہے ۔ان کے این جی او ’بچپن بچاؤ تحریک‘ سے منسلک راکیش سانگر نے بتایا کہ صبح تقریبا 9بجے جب وہ کسی کام سے کیلاش کے گھر پہنچے ،تو دیکھا کہ ایک دھوبی بار بار دروازے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔اس پر راکیش نے کہا کہ وہ تو باہر گئے ہیں، گھنٹی کیوں بجا رہے ہو؟اتنے میں راکیش کی نظر تالے پر پڑی جو ٹوٹا ہوا تھا۔راکیش نے جب گھر کے اندر جا کر دیکھا ،تو پایا کہ گھر میں سامان بکھرا پڑا ہے اور گھر سے مہنگی اشیاء غائب ہیں، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کیلاش کو ملے نوبل انعام کی ریپلکا بھی غائب ہے۔دراصل نوبل انعام ملنے کے بعد کیلاش نے اصلی ایوارڈ صدارتی محل میں جمع کر دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے ملک کے نام وقف کر رہے ہیں، جبکہ ایوارڈ میں ملی ریپلکا وہ اپنے گھر لے آئے تھے۔راکیش نے فورا یہ اطلاع پولیس کو دی۔پولیس نے فارنسک ماہرین کے ساتھ معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔گھر کے ارد گرد سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں اور وہاں سیکورٹی گارڈ بھی ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود چور گھر کے اندر داخل ہو گئے۔کیلاش فی الحال ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے لاطینی امریکہ کے بگوٹا شہر گئے ہیں، ان کے این جی او سے وابستہ لوگوں کے مطابق، کیلاش کو سیکورٹی ملنی چاہیے ، اگر گھر پر سیکورٹی اہلکار ہوتے ، تو یہ واقعہ پیش نہ آتا ۔