کولکات(ملت ٹائمز)
مغربی بنگال میں خواتین کے حقوق کیلئے جدو جہد کی علامت سمجھی جانے والی سماجی کارکن ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان کو کل 16فروری کی شام کومنعقد ہونے والی ایک تقریب میں ’ جھانسی کی رانی‘ ایوارڈ سے نوازاگیا ۔
تعلیمی محاذ پر کام کرنے والے ادارہ شیورسکسیس کی شہر کے مولاعلی یوتھ سینٹر کے سوامی وویکانند آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی اس سالانہ تقریب کی صدارت میں بزم شہر نشاط کے صدر بلال حسن نے کی اور دیگر معزز مہمانوں میں ایم پی علی انور‘ ایم ایم آئی سی شمس الزماں انصاری ‘ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر خالد عباد اللہ ‘ جسٹس انتاج علی شاہ‘ سیدحیدرحسن کاظمی ‘ جمال احمد جمال ‘ اکھلیش کمار چترویدی اور دیگر معززین موجود تھے ۔
اپنی مصروفیات کی وجہ سے سفر میں رہنے والی ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان کی عدم موجودگی میں یہ ایوارڈ ان کی والدہ اور ان کے 9سالہ بیٹے زیدخان نے وصول کیا۔ادارہ نے اس موقع پر سماجی خدمات کے حوالے سے محترمہ خان کی کاوشوں کا سنہرے الفاظ میں اعتراف کیا اور کہا کہ مغربی بنگال میں ظلم‘ جہالت‘ ناخواندگی ‘ عدم واقفیت سے سماج بالخصوص خواتین کو آزاد کرانے کیلئے مسلسل سرگرم عمل رہنے والی ایڈوکیٹ خان کو ’ جھانسی کا رانی ‘ ایوارڈ دے کر ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے ۔
اس موقع پرایم ایم آئی سی شمس الزماں انصاری کو مولانا ابوالکلام ایوارڈ‘ خالد عباد اللہ کو نیتاجی سبھاش چندر بوس ایوارڈ‘ اکبر علی کو بلال حسن ایوارڈ‘ ضیاء الدین انصاری اور ڈاکٹر عبدالمنان خان کو شمس الزماں انصاری ایوارڈبھی دیاگیا۔