نئی دہلی
ملت ٹائمز ؍عامر ظفر قاسمی
شاہی عیدگاہ قصاب پورہ دہلی میں ہونے والا سالانہ سہ روزہ تبلیغی اجتماع آج رقت آمیز دعا ء کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی اور چاروں طرف مسلمانوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر نظر آرہاتھا ،اجتماع سے قبل یہ خدشہ ظاہر کیا جارہاتھاکہ مولانا سعد صاحب کو اپنے غلط نظریات کی بنا پر اس مرتبہ مدارس کی حمایت نہیں مل پائے گی اور دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جاری کردہ فتوی کے سبب اجتماع حسب سابق کامیاب نہیں رہے گا لیکن عین اجتماع سے قبل مولانا سعد صاحب کی جانب سے اردو کے تمام اہم اخبارات میں ایک اشتہار دے کر صاف لفظوں میں یہ وضاحت کی گئی کہ مولانا سعد صاحب نے اپنی غلطی کا اقرار کرتے ہوئے اہل سنت والجماعت کے کے موقف سے ہٹ کر قائم نظریہ سے رجوع کرلیا ہے، دارالعلوم دیوبندکو وہ اپنا مرکز مانتے ہیں اور اسی کے ماتحت رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں۔اجتماع میں پورے علاقے سے مسلمانوں نے شرکت کی اس کے علاوہ مدارس نے بھی اس اجتماع کو کامیاب بنانے میں خصوصی کردار اداکیا ،بہت سارے مدارس میں اجتما ع کے تینوں دنوں میں عام تعطیل کردی گئی تھی۔
یہ اجتماع 18 فروری کو شروع ہواتھا جو آج20 فروری کو مکمل ہوا اور مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد نے اس میں شرکت کرکے اکتساب فیض کیا ۔