سیتا مڑھی : (محمد قیصر صدیقی؍ملت ٹائمز )
بہار مدرسہ اسٹیٹ بورڈ کے خلاف نتیش کمار کے بڑھتے تعصب اور ناانصافی کے پیش نظر مدرسہ بورڈ کے اساتذہ میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے اور وہ متحد ہو کر یکم مارچ سے پٹنہ میں غیر معینہ مدت تک کے لئے دھرنا پر بیٹھ رہے ہیں۔
ملت ٹائمز کو ملی اطلاع کے مطابق گزشتہ روز جامعہ محمدیہ نا نپور، سیتامڑھی کے احاطے میں نانپور بلاک کے تمام ملحقہ مدارس کے اساتذہ کرام کی ایک اہم مٹنگ ہوئی جس میں مدرسہ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے ترجمان مولانا محمد غزالی نے مدارس کے اساتذہ کو پے اسکیل نافذ نہ کرنے کے حوالے سے کہا کہ حکومت مدارس کے اساتذہ کے ساتھ تعصب کا رویہ کا برت رہی ہے، حالانکہ حکومت نے کہا تھا کہ جوں جوں اسکول کے اساتذہ کی تنخواہ بڑھے گی تو مدارس کے اساتذہ کے تنخواہ میں بھی اضافہ ہوگا، لیکن اسکول کے اساتذہ کو تو پے اسکیل دو ہزار پندرہ میں ہی دے دیا گیا اور مدارس کے اساتذہ کے ساتھ سوتیلا رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں پے اسکیل سے محروم کردیا، آج بھی یہ اساتذہ اس مہنگائی کے دور میں معمولی تنخواہوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں، مٹنگ میں مختلف مدارس سے تشریف لائے ہوئے تمام اساتذہ نے کہا بہار حکومت انصاف کے ساتھ بہار کی ترقی میں ناکام ہے اور ان کا انصاف کے ساتھ ترقی کا نعرہ کھوکھلا ہے، مٹنگ میں تمام اساتذہ نے یہ عہد لیا کہ ہم ایک مارچ سے پٹنہ گردنی باغ میں پے اسکیل کے لئے غیر متعینہ دھرنا دیں گے اور سرکار سے اپنے مطالبات منوا کے رہیں گے، مٹنگ میں ماسٹر ابو نصر صدیقی، ماسٹر سیف علی، مولانا رفیق، مولانا ذاکر، ماسٹر سالک، مولانا امجد، حافظ شفیع اللہ کے علاوہ اور بھی حضرات شریک تھے۔