بہار مدرسہ بورڈ کے اساتذہ کا حکومت کی ناانصافی کے خلاف غیرمعینہ مدت کیلئے دھرنا جاری

موجودہ چیرمین کی جگہ کسی عالم دین کو اس عہدہ پر بحال کر نے کامطالبہ


(پٹنہ۔ملت ٹائمز ؍محمد قیصر صدیقی)
مدرسہ ڈیولیپمنٹ آرگنائزیشن کے بینر تلے ملحقہ مدارس کے اساتذہ کا غیر متعینہ دھرنے کا آغاز پٹنہ گردنی میں شروع ہوچکاہے، سیتامڑھی ضلع کی صدارت تنظیم کے سیکریٹری مولانا سیف اللہ رازی کے سپرد کی گئی ہے،
مداراس کے اساتذہ کا کہناہے کہ بہار سرکار ملحقہ مدارس کے اساتذہ کے ساتھ برسوں سے سوتیلا رویہ کا ثبوت پیش کررہی ہے اور ان کے مطالبات کو پورا کرنے سے کترارہی ہے، سرکار کی عدم دل چسپی نے آج مدارس کے اساتذہ کو دھرنا دینے پر مجبور کردیا ہے، بہار سرکار انصاف کے ساتھ ترقی کا نعرہ دیتی ہے، لیکن اسے زمینی سطح پر نافذ کرنے میں پوری طرح ناکام ہے۔تنظیم کے ترجمان محمد غزالی قاسمی نے کہا کہ بہار سرکار نے ترقی کا جو چراغ جلایا ہے، تقریبا تمام شعبہ جات کو اس کی روشنی پہنچی ہے، لیکن ملحقہ مدارس اس سے محروم ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ مساوی کام کے بدلے مساوی تنخواہ نافذ کرے، اور مدارس کی تعمیر کے لئے فنڈ مہیا کرائے، مدرسہ بورڈ میں سیکرٹری، اور چئرمین کے عہدہ پر کسی عربی، اور فارسی داں کو بحال کرے،.دھرنے میں موجود اساتذہ نے یہ عہد لیا ہے کہ جب تک سرکار ان مطالبات کو پورا نہیں کرتی ہے اس وقت تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔