نئی دہلی(ملت ٹائمز/ایجنسیاں)
دنیا کے بیشتر بالخصوص ایشیائی ممالک میں کسی نہ کسی طرح خواتین کو ہراساں کیا جاتاہے اور ایسا ہی فلمی انڈسٹری میں ہورہاہے جس کی اندرونی کہانیاں سامنے آنے کے بعد بھی فریقین کیریئرکیلئے تردید کرتے ہوئے معاملات ہی ختم کردیتے ہیںلیکن تامل فلموں کی اداکارہ ’ ورالگزمی سراتھ کمار‘ کھل کر سامنے آگئیں اور فلمی دنیا میں ہراساں کیے جانے پر کھل کا اظہار خیال کیا۔
اپنے ٹوئیٹس میں مسز کمار نے لکھا کہ ’حالیہ دنوں میں ہونیوالی ایک میٹنگ میں ایک معروف ٹی وی چینل کے پروگرامنگ ہیڈ نے انہیں جنسی تعلقات کی پیشکش کردی، آدھے گھنٹے کی میٹنگ کے بعد اس نے مجھ کہاکہ ہم کب باہر مل سکتے ہیں ؟ میں نے کہاکہ کسی اور کام کے لیے ؟ اس کاکہناتھاکہ نہیں، دوسری چیزوں کیلئے ‘ ۔
اداکارہ نے پروگرامنگ ہیڈ کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے لکھاکہ’میں اس لیے انڈسٹری میں نہیں آئی کہ میرے ساتھ گوشت کے ایک ٹکڑے کی طرح کا سلوک کیاجائے ‘۔بی بی سی کو اداکارہ نے بتایاکہ بدقسمتی سے فلم انڈسٹری کی خواتین نے اس رجحان کو قبول کرلیاہے ، فلم انڈسٹری میں جنسی خواہشات پوری کرنے پر کردار ملتاہے، جب میں نے اپنے ساتھ ہونیوالے واقعے کے بارے میں لوگوں سے بات کی تو اُنہوں نے بتایاکہ یہ معمول ہے لیکن ایسی فلم انڈسٹری میں آپ کیوں آتے ہیں؟میں اور کچھ دیگراداکارائیں اس لیے آئی ہیں کہ ہم ایکٹنگ کیلئے پرجوش تھیں، میرا یہ خیال نہیں کہ آپ ایکٹنگ کیلئے پرعزم ہیں تو آپ کو کسی کیساتھ سونابھی ہوگا، اداکارائیں مبینہ طورپر ہراساں کرنیوالوں کا نام نہیں لیتیںلیکن یہ اس گھمبیر مسئلے کی صرف ایک چھوٹی سی مثال ہے ۔
اداکارہ کی یہ ٹوئیٹس سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس پروزور موقف کو سراہا اور انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا جبکہ ان کے ٹوئیٹس کو ہزار وں بار لائیک اور دوبارہ ٹوئیٹ کیاگیا۔