مولانا اجمل نے سید شہاب الدین کی رحلت کو ملک و ملت کے لئے عظیم خسارہ قرار دیا

نئی دہلی : (پریس ریلیز۔ملت ٹائمز)
آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ (AIUDF) کے قومی صدر، رکن پارلیمنٹ، صدر جمعیۃ علماء ہند صوبہ آسام اور دارالعلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ کے رکن حضرت مولانا بدرالدین اجمل القاسمی نے سابق رکن پارلیمنٹ اور عظیم مسلم رہنما جناب سید شہاب الدین صاحب کے انتقالِ پر ملال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و ملت کا عظیم خسارہ قرار دیا ہے۔ مولانا اجمل جو دہلی میں موجود تھے جیسے ہی سید شہاب الدین صاحب کے انتقال کی خبر سنی اپنی تمام تر مصروفیات کو چھوڑ کر جنازہ میں شرکت کے لئے پہونچے اور لواحقین سے اپنی تعزیت پیش کی۔ انہوں نے فرمایا کہ سید شہاب الدین جیسی عظیم شخصیت اور ملی رہنما کی مثال شاذ و نادر ہی ملتی ہے۔سید شہاب الدین صاحب جو انڈین فورین سروس (آئی ایف ایس) کے ٹاپر تھے، انہوں نے ایک عرصہ تک کئی ملکوں کے ہندوستانی سفارت خانوں میں رہتے ہوئے ملک کی جو قابلِ قدر خدمات انجام دی ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح ممبر آف پارلیمنٹ رہتے ہوئے ایک قابل سیاست دان کی حیثیت سے وہ ملک و ملت کے مفاد کی خاطرہمیشہ آواز بلند کرتے رہے۔ اس کے علاوہ مسلم مجلس مشاورت اور دیگر ملی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ سرگرم و کوشاں رہے ۔ بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ بابری مسجد کی باز یابی کے لئے نبرد آزما رہے۔ مولانا نے مزید فرمایا کہ جب بھی کوئی ملی مسئلہ پیش آتا وہ سرگرم ہوکر ملی رہنماؤں کو متحد کرکے اس کے حل کے لئے کھڑے ہوجاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اللہ کی بارگاہ میں دعا ء گو ہیں کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل نیز ملک و ملت کو نعم البدل عطا فرمائے۔ (آمین)