دیوبند(ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ دونوں جہاں میں کامیابی اور سروخروائی کا واحد ذریعہ ذکر الٰہی اور خوف خداہے اسلئے اپنے اخلاق و معاملات کو عین قرآن و سنت نبوی کے مطابق سنواریں یہی کامیابی کاواحد راستہ ہے۔ مولانا سید ارشد مدنی آج علاقہ کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ تحفیظ القرآن موضع ابراہیمی کے سالانہ اجلاس عام میں خصوصی خطاب فرما رہے تھے۔ انہوں نے حاضرین جلسہ کو ایمان کے تحفظ کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے دنیا میں آنے کا مقصد اللہ کی عبادت کرناہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہمارا ایمان پختہ ہوگا اسلئے آج اس چیز پر سخت محنت کی ضرورت ہے کہ ایمان کی حفاظت کیسے کی جائے۔مولانا نے فرمایاکہ اسلام مخالف طاقتوں کانشانہ صرف ہمارا ایمان ہے کیونکہ ایمان ہی وہ طاقت ہے جو ہمارے نظام زندگی کو مضبوط بناتا ہے جس سے دنیاوی طاقتیں پوری طرح خائف ہیں۔ انہوں نے نظام تعلیم کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے مدارس کی اہمیت اور اکابرین دیوبند کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مدارس کے تحفظ اور ایمان کی بقاء کے لئے اکابرین کی خدمات حیرت انگیز اور قابل رشک ہیں۔ انہوں نے معاشرہ میں پیدہ شدہ بگاڑ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے سنت نبوی ؐ کے مطابق اپنی زندگیاں ڈھالنے پر زور دیا اور کہاکہ دونوں جہاں میں سرخروئی اور کامرانی کے لئے اپنے اخلاق و معاملات کو دین محمدی کے مطابق سنواریں۔مولانا مدنی نے مرحوم مولانا زاہد حسن ؒ و بانی جامعہ مفتی طیب قاسمیؒ کی زندگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ادارہ کے ذمہ داران کی خدمات کو لائق تحسین قرا ردیا۔ جامعہ بدرالعلوم گڈھی دولت کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانامحمد عاقل قاسمی نے تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مدرسہ اسلامیہ دین کے مراکز ہیں جن کا تحفظ نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ ہمارا ایمانی تقاضہ ہے۔ انہوں نے ذمہ داران ادارہ و بانیاں کی خدمات کی بھرپور ستائش کی۔ نبیرہ شیخ زکریاؒ مولانا جعفر مظاہری ، مدرسہ سبیل الرشاد سنولی پانی پت کے مہتمم مولانا ہارون مجیدی اور دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا توقیر قاسمی نے اپنے خطابات کے دوران کہاکہ اہل مدارس کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرہ میں پنپ رہی خرابیوں کے خاتمہ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کریں جبکہ عوام کو چاہئے کہ وہ مدارس کی ہر طرح معاونت فرماکر دنیاوی اور اخروی فلاح و کامرانی حاصل کریں۔اس موقع پر جامعہ کے مہتمم و نوجوان عالم مولانااحسن زاہدی نے ادارے کے تعارف کے ساتھ سالانہ آمدو خرچ کی مکمل رپورٹ پیش کی ،جسے موجود علماء کرام نے قابل اطمینان قراردیا۔ دریں اثناء مولانا سید ارشد مدنی نے ادارہ میں سال رواں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے حافظ احسن ین محمد مستقیم،حافظ محمد جابر بن لقمان،حافظ اسمیربن عبدالماجد،حافظ محمد جاوید بن عبدالواجد کو دستار فضیلت سے نواز ا۔ اجلاس کی صدارت جامعہ مظاہر علو سہارنپور کے رکن شوریٰ مولانا محمد عارف قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانامہتاب نے انجام دیئے۔ خصوصی شرکاء میں مولاناطیب ،مولانا ندیم قاسمی ،قاری زبیر احمد، مولانامہتاب احمد، مفتی اسجد ہریانوی، مولانا الیاس پاونٹی ،مولانا عبدالقارد مغیثی، مولانا عبدلماجد مغیثی،مولانا صلاح الدین قاسمی،حاجی قیصر ابراہیمی، مولانا اسجد مجیدی، ریاست پردھان،افضل زاہدی،اخلد زاہدی،مولانا اطہر زاہدی وغیرہ سمیت کثیرت تعداد میں علاقہ کی عوام نے شرکت کی۔ آخر میں مدرسہ کے مہتمم و پروگرام کنوینر مولانااحسن زاہدی نے تمام مہمانوں اور حاضرین کاشکریہ اداکیا۔