امجد خان باکسنگ سینٹرکے تین نوجوانوں نے چمپئن شپ حاصل کی

نئی دہلی8 فروری
ملت ٹائمز؍ایس این بی
امجد خان باکسنگ سینٹر سے ٹریننگ لینے والے تین نوجوانوں نے جونئر اسٹیٹ بوکسنگ چیمپیئن شپ2015 میں کامیابی حاصل کی ہے۔سینٹر کے ہیڈ کوچ امجد خان نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے سینٹر سے ٹریننگ حاصل کرنے کے بعدجونئراسٹیٹ چمپئن شپ میں محمد سا حل نے سلور میڈل ،محمد حیدراورمحمدذیشان نے برونز میڈل حاصل کئے ۔اسی طرح سینئر اسٹیٹ دہلی بوکسنگ چیمپیئن شپ میں بھی تین نوجوانوں نے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے علاوہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے راکیش لوچپ کانیشنل ٹیم انڈیا میں سلیکشن ہو چکا ہے۔امجد خان باکسنگ سینٹر کے کوچ چندن سنگھ نے بتایا کہ اوکھلا کے مسلم نوجوانوں کے اندر سیکھنے کا زبردست جذبہ ہے اور وہ بہت جلد گر سیکھ جاتے ہیں۔واضح رہے کہ چندن سنگھ نیشنل کوچ ہیں،اسی طرح انٹر نیشنل کوچ گولن سنگھ بھی اس سینٹر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔امجد خاں نے بتایا کہ انٹر نیشنل سطح پر ہمارے کلب سے دو لوگوں کا سلیکشن ہوا ہے جن میں ارون ٹوٹیا،اندر پال سنگھ شامل ہیں۔خودانٹر نیشنل بوکسر امجد خاں آئندہ 13فروری کوکوچ کی حیثیت سے ہانگ کانگ جارہے ہیں۔امجد خان2008 سے لیکر 2012 تک انڈیا بوکسنگ ٹیم میں رہ چکے ہیں۔انہوں نے245 فائٹ لڑی جس میں 32 گولڈ میڈل ، 15 سلور ،8براؤنز جیتے۔امجد خان نے کہا کہ یہاں تک لانے میں مجھے گائیڈ کرنے والے انٹر نیشنل فائٹر عامر خاں کا ہاتھ رہا ہے جو کہ خود انگلینڈ سے تعلق رکھتے ہیں ۔یہ تین بار لگا تار چیمپئن رہ چکے ہیں۔ امجد خاں بوکسنگ ٹرینگ سینٹرعالمی سطح کی ریٹنگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔امجد خان کا کہنا ہے کہ مسلم نوجوان یہاں سے تربیت لیں میں ان کو دنیابھر کی سیر کراؤنگا۔انہوں نے بتایا کہ اس سینٹر کے قیام میں مہرالدین انصاری نے ان کاکافی ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مشہور انٹر نیشنل باکسرعامر خان نے اس سینٹر کا دورہ کرکے کہا تھا کہ مسلم نوجوانوں کو باکسنگ کے میدان میںآنا چاہئے کیونکہ ان کے لئے اس میدان میں زبردست مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا تھاکہ مشہور باکسر امجد خان اگر چاہتے تو کسی پاش علاقہ میں اپنا سینٹر قائم کرکے لاکھوں روپیہ کماسکتے تھے لیکن انہوں نے اوکھلا کے بٹلہ ہاؤس میں سینٹر قائم کیا اور وہاں غریب ونادار مسلم بچوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔سینٹر کی کامیابی پرامجد خان نے کہا کہ میرا مقصد پیسہ کمانا نہیں ہے بلکہ میں ان مسلمان بچوں کو ہنر مند بنانا چاہتا ہوں جنہوں نے تعلیم چھوڑ دی ہے یا جو اسکول ٹائم کے بعد وقت ضائع کرتے پھرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف جہاں لوگوں کے پاس وقت کی کمی ہوگئی ہے وہیں دوسری طرف مسلم علاقوں میں بہت سے نوجوان وقت برباد کرنے میں لذت محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اسی لئے اوکھلا میں سینٹر قائم کیا۔

SHARE