امرندر سنگھ منگل کو کریں گے راہل سے ملاقات ، 16مارچ کو لیں گے حلف

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
پنجاب اسمبلی میں زبردست اکثریت حاصل کرنے کے بعد پنجاب کانگریس کے صدر کیپٹن امرندر سنگھ منگل کو کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سے دہلی آکر ملاقات کریں گے۔کانگریس کو پنجاب میں زبردست جیت دلانے والے کیپٹن امرندر سنگھ نے گورنر سے ملاقات کے بعد حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا ہے، ایسے میں وہ 16؍مارچ کو گورنر ہاؤس میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔اس موقع پر انہوں نے ا س عہد کا اظہار کیا کہ وہ بدلے کی سیاست نہیں کریں گے ۔گورنر سے ملاقات کے بعد کیپٹن امریندر نے کہا کہ جیت کے بعد وزیر اعظم مودی سے بات ہوئی تھی، وزیر اعظم نے بھروسہ دلایا ہے کہ پنجاب کو جس طرح کی مدد چاہیے ،مرکز دے گی۔وہیں سکھبیر سنگھ بادل نے بھی کیپٹن اور ان کی پارٹی کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن کی طرح ہم پنجاب کو ہر طرح سے تعاون دیں گے۔پنجاب میں 117سیٹوں میں سے 77پر کانگریس کے جیتنے کا سب سے زیادہ کریڈٹ کیپٹن امرندر سنگھ کو ہی دیا جا رہا ہے، وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے سے پہلے کیپٹن امرندر نے کہا کہ اگر جانچ میں کسی کا نام آتا ہے تو ہم اس کو دیکھیں گے، منشیات کے کاروبار کو چلانے کے الزامات سے گھرے سبکدوش ہونے والے وزیر بکرم مجیٹھیا پر کارروائی کے سوال کے جواب میں امرندر سنگھ نے یہ بات کہی۔امرندر سنگھ نے کہاکہ منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ماہر نفسیات کی ضرورت ہو گی، ہماری حکومت کے سامنے دو مسئلے ہوں گے، پہلا تعلیم اور دوسرا صحت کا ، ان دونوں علاقوں میں ہم اصلاحات کی کوشش کریں گے۔اس دوران سدھو کے کردار کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جو بھی ضروری ہو گا ،پارٹی اجلاس میں ویسا فیصلہ لیا جائے گا، جبکہ ذرائع کی مانیں ،تو کانگریس حکومت میں نوجوت سنگھ سدھو نائب وزیر اعلی بن سکتے ہیں۔امرندر سنگھ کی حلف برداری سے ٹھیک 12دن بعد ہی 28؍مارچ کو ستلج-جمنا لنک نہر کے معاملے میں کورٹ میں سماعت ہونی ہے، ایسے میں ایس وائی ایل معاملے پر انہوں نے کہا کہ وہ پہلے یہ دیکھیں گے کہ دریاؤں میں پانی کتنا ہے؟