ہر بھجن سنگھ سدھو کے ہاتھوں بھارتیہ نیوز ایجنسی نے ایک ہزار کمبل تقسیم کئے

نئی دہلی: 9جنوری (یو این آئی) سماج کے نچلے طبقے کی ضرورتوں کاخیال رکھنا اور خاص طور پر سردیوں کے موسم میں انہیں گرم کپڑے اور کمبل فراہم کرنا اس وقت سب سے سب سے بڑی انسانیت ہے۔ یہ بات ہربھجن سنگھ سدھو جوڈیشیل ممبر انکم ٹیکس اپیلیٹ ٹریبیونل دہلی بینچ وزارت قانون و انصاف حکومت ہند، نے بھارتیہ نیوز ایجنسی کے تحت مختلف علاقوں میں ایک ہزارکمبل تقسیم کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے جامعہ نگر کے ابوالفضل انکلیو میں تقریباً ڈھائی سو کمبل تقسیم کرتے ہوئے کہاکہ سردی کے موسم میں جہاں گرم کپڑوں میں لوگ دبکے ہوئے ہوتے ہیں وہیں غریب اور نظر انداز طبقہ گرم کپڑے کے لئے ترس رہے ہوتے ہیں اور سخت سردیوں میں انہیں بغیر گرم کپڑے کے گزارنا پڑتا ہے۔ ایسے لوگوں کو گرم کپڑے اور کمبل وغیرہ فراہم کرنا سب سے بڑی انسانیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک بڑا طبقہ بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان تک جہاں تک ممکن ہوسکے سہولت پہنچائیں۔
جج ہر بھجن سنگھ سدھو نے کہاکہ خدمت خلق اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا سب سے ضروری کام ہے اور اپنے آس پاس پڑوس کے لوگوں کا خیال رکھنا ہی انسانیت نوازی ہے۔ انہوں نے کہاکہ افضل ندیم اور ان کا ادارہ بھارتیہ نیوز ایجنسی غریبوں کے لئے بہت اچھا کام کر رہا ہے۔ان کے کاموں میں ہمارا تعاون ہمیشہ شامل رہے گا۔انہوں نے سماجی کام اور خدمت خلق اور خاص ضرورت مندوں کو گرم کپڑے فراہم کرکے بہترین انسانیت نوازی کا ثبوت دیا ہے۔
بھارتیہ نیوز ایجنسی کے کنوینر چودھری افضل ندیم نے اس موقع کمبل تقسیم کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ادارہ سردار ہربھجن سنگھ سدھو کے تعاون سے انسانیت کی خدمت کرتی رہی ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران بھی ہم نے ضرورت مندوں کو مدد فراہم کی تھی اور اس وقت ہم نے ایک ہزار کمبل مختلف علاقوں میں تقسیم کئے ہیں۔ ہم نے مہرولی، نظام الدین، موتی باغ اور یہاں ابوالفضل میں ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کر رہے ہیں اور ہمارا سفر آگے بھی جاری رہے گا۔ ہمارا مقصد بہت ہی ضرورت مندوں تک پہنچنا ہے اور ہم ٹیم کے ذریعہ فہرست تیار کرکے کمبل فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ابوالفضل میں ڈھائی سو کمبل تقسیم کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی ضرورت مندوں تک کمبل دینے کی کوشش کی جائے گی۔
بھارتیہ نیوز ایجنسی دہلی ٹیم میں آفتاب عالم صدیقی، عابد انور، وجے کمار،تنویر عالم، سویتا سنگھ، رنویر کمار، پپوکمار شرما، بلمیش، سلطانہ پروین، ساجد خاں، سرجیت وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر شاہین باغ تحریک سے وابستہ خواتین ملکہ خاں، نصرت آراء، شہلا وغیرہ بھی موجود تھیں اور ان لوگوں نے تقسیم میں مدد کی۔
یو این آئی۔ ع ا۔