روزہ کا بنیادی مقصد تقویٰ حاصل کرنا ہے
رمضان کے پہلے جمعہ میں شہر کی مساجد میں نمازیوں کا ہجوم ، ماہ صیام رحمت و مغفرت کا مہینہ ہے اس کی قدر کریں :علماء
دیوبند(ملت ٹائمزسمیرچودھری)
امت مسلمہ کا مقدس مہینہ رمضا ن المبار ک کی آمد سے شہر کی تمام مساجد میں مصلیوں کا ہجوم ہے اور نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا، آج رمضان المبارک کے پہلے جمعہ میں فرزندان توحید نے اپنے خالق حقیقی کی بارگاہ میں سر بسجود ہوکر پورے رمضان میں خوش اسلوبی اور یکسوئی کے ساتھ عبادت و ریاضت میں مشغول ر ہنے اور باران رحمت کے نزول کے لئے خصوصی دعا ئیں کیں ۔آ ج رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو شدت کی گرمی کے باوجود شہر و اطراف کے لوگوں نے مساجد میں پہنچ کر اماموں کی اقتد ا میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعاد ت حاصل کی۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد چھتہ میں نماز کے بعد خصوصی خطاب میں جمعیة علماءہند کے قومی صد ر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ رمضان المبار ک کا بابرکت مہینہ اس خیر امت پر سایہ فگن ہے لہٰذا ہمیں اس متبرک ماہ صیام کی قدر کرتے ہوئے کثرت عبادت کے ذریعے خدا کی خوشنودی حاصل کرنی چاہئے ۔موصوف نے رمضان کے پہلے عشرے کو رحمت قراردیتے ہوئے قرآنی آیات کے حوالے سے کہا کہ روزے تم پر فرض کئے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلی امت پر فرض تھے ۔لہٰذ اسلام کے بنیادی ارکا ن کی ادائیگی کی تکمیل کرکے خدا کا قرب حاصل کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک میں ہر خاص و عام کے ساتھ حسن و اخلاق اور صلہ رحمی اور نرمی کے ساتھ پیش آنے کے ساتھ مستحقین اور مسکینوں کی زیادہ سے زیادہ داد رسی کرنی چاہئے ۔
جامع رشید میں نوجوان عالم دین مفتی عفان منصور پوری نے نماز جمعہ ادا کرائی بعد ازیں انہوں نے ذکر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ کثرت ذکر دخول جنت کا باعث ہے۔موصوف نے مزید کہا کہ یہ رحمت و مغفرت والا مہینہ ہے اس ماہ میں ہر نیکی کا ثواب 70 گنا کردیا جاتا ہے ۔لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم رحمت و برکت والے اس مہینے میں اعمال صالحہ اور عبادت و ریاضت میں مشغول رہ خدا کو راضی کریں جو ہماری دنیا وی زندگی کے ساتھ اخروی حیات کی فلاح و کامرانی کے باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ روزہ کا بنیادی مقصد تقوی حاصل کرنا ہے ۔
مرکزی جامع مسجد میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی عارف عثمانی قاسمی نے نماز ادا کرائی بعد ازیں فرزندان تو حید کو خطاب کیا، انہوںنے روزے کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام اعمال میں روزہ ہی ایک ایسا عمل ہے جو صرف رب العالمین کے لئے ہے کیونکہ روزہ دار صرف اسی کے خاطر اپنا جائز کھانا پینا ارو شہوت بھی چھوڑ دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ روزہ قبولیت دعاءکا بہترین ذریعہ ہے اسلئے کہ انسان اپنی نفسانی خواہشات اور دنیاکی لذتیں صرف اللہ کی خوشنودی اور اس کی رضاءجوئی کے لئے ترک کرتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح روزہ دار بندے اور اس کے رب کے مابین ایک راز ہے اور اس راز کی کیفیت کو اسکا رب ہی جانتا ہے۔انہوںنے کہاکہ روزہ کی عبادت کا سب سے بہتراور کامل طریقہ اللہ کے نبی کا اسوہ ہے اورآپ کے اسوہ کی پابندی کرنا ہے آسان اور ممکن ہے اور یہ اسوہ ہی روزہ تک پہنچانے کا راستہ ہے۔انہوں نے حاضرین سے اس ماہ مبارک میں اپنے اندر تقویٰ طہارت اور خشیت الٰہی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوکہاکہ اس مہینہ میں کثرت عبادت ہماری کا کامیابی کی دلیل ہے۔ علاوہ ازیںدارالعلوم دیوبند کی مسجدقدیم، جامع مسجد پٹھانپورہ، مسجد شاہ ماران، مسجد انور، دارالعلوم زکریا، قاضی مسجد،مدنی مسجد،کمال شاہ مسجد، مسجد عالیشان وغیرہ میں بھی آج رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو نمازیوں کا جم غفیر رہا اور لوگوں نے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی اور بار گاہ الٰہی میں باران رحمت کے لئے خصوصی دعائیںکیں۔ وہیں رمضان کے پہلے جمعہ آج دیہی مواضعات سے پہنچے فرزاندان توحید نے جم کر خریداری کی جس کے سبب بازاروں میں کافی بھیڑ رہی ، دیوان دروازہ، اسلامیہ بازار، ریتی چوک، سرسٹہ چوک، خانقا، بڑضیاءالحق سمیت مسلم محلوں کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا ۔ میونسپل بورڈ کی جانب سے بھی جمعہ کی نماز کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہتر بندوبست کرتے ہوئے مساجد کے آس پاس چونا وغیرہ ڈالوا یا گیا تھاجبکہ سیکوریٹی کانظم بھی چست و درست نظر آیا۔





