پٹنہ(ملت ٹائمزاشفاق ساقی)
جنتا دل-متحدہ (جے ڈی یو)کی کیرل یونٹ اورمہاراشٹریونٹ نے جمعرات کوبہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارکی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ساتھ اتحادکی مخالفت کی۔کیرل یونٹ نے نتیش کمارسے اپنا تعلق توڑ نے کی بھی بات کہی۔جے ڈی یوکی کیرل یونٹ کے سربراہ اور راجیہ سبھا کے رکن وریندر کمار نے شرد یادو سے بھی فیصلہ نہ قبول کرنے کی اپیل کی۔لیڈروریندر کمار نے انتباہ بھرے انداز میں کہا ہے کہ وہ نتیش کمار کے اس فیصلے کے ساتھ نہیں جائیں گے، یہاں تک کہ اگر اس کے لیے انہیں کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔یہاں تک کہ انہوں نے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ دینے تک کی بات کہہ ڈالی۔وریندر سنگھ جمعرات شام جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور سابق قومی صدر شرد کے گھر پہنچے۔اس دوران انہوں نے شرد یادو کے سامنے اپنا موقف رکھا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جے ڈی یو کو این ڈی اے کے ساتھ اتحاد قبول نہیں ہے اور نتیش کمار کے ساتھ ہمارے تعلقات ختم ہو چکے ہیں۔یہ انتہائی حیران کن ہے کہ نتیش کمار این ڈی اے میں شامل ہوگئے۔ہم سب نے سوچا تھا کہ وہ فاشسٹ رجحانات کے خلاف جنگ کریں گے لیکن وہ خود اس کا ایک حصہ بن گئے ہیں۔وریندر کمار نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ جے ڈی یو کے سینئر لیڈر شرد یادو اور بہار میں پارٹی کے ممبران اسمبلی نتیش کمارکے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔کمار نے کہا کہ میں کیرالہ واپس جا¶ں گا اور کونسل میٹنگ کے بعد مستقبل کے لیے کوئی فیصلہ کروں گا۔اگرمجھے راجیہ سبھا سے استعفیٰ بھی دیناپڑاتومیں تیار ہوں۔نتیش کمار کے اس فیصلے سے مہاراشٹر جے ڈی یو کے چیف اور ایم ایل سی کپل پاٹل بھی ناراض ہیں۔پاٹل نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور جلد ہی مستقبل پرکوئی فیصلہ لیں گے۔