خاتون جرنلسٹ نے ارنب گوسوامی کے سیاہ چہرے کو کیا بے نقاب ،صحافت کے پردہ میں جاری سنگھی ایجنڈہ کو فروغ دینے کا الزام

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
ہندتوا قوتوں کا بیباکی سے مقابلہ کرنے والی سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کی کوریج کے تعلق سے رپبلک ٹی وی میں کام کر چکی ایک خاتون صحافی سمن نندی نے انرب گوسوامی اور ان کے چینل پر حملہ بولا ہے۔ اس خاتون صحافی نے فیس بک پر پوسٹ لکھ کر چینل کے تئیں اپنے غصہ کا اظہار کیا ہے۔ سمن نندی کی یہ فیس بک پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔رپبلک ٹی وی کی سابق ملازم سمن نندی نے فیس بک پر لکھا ہے کہ انہیں ہمیشہ ان اداروں پر فخر محسوس ہوتا ہے جن کے ساتھ وہ کام کر چکی ہیں، لیکن آج وہ شرمندہ ہیں۔ سمن نے لکھا”میں شرمندہ ہوں کہ ایک ’آزاد ‘خبر رساں ادارہ اب ایک بری حکومت کے لئے بلے بازی کر رہا ہے اور ایسا کھلے طور پر ہو رہا ہے۔“ سمن نے یہ بھی لکھا کہ بی جے پی، آر ایس ایس کارکنوں کی دھمکی ملنے کے بعد ایک صحافی کو مار دیا گیا اور قاتلوں سے سوال کرنے کی بجائے آپ حزب اختلاف سے سوال کر رہے ہیں؟ صداقت کہاں ہے؟ ہم کہاں جا رہے ہیں؟ کچھ صحافی بھی قتل پر جشن منا رہے ہیں‘۔ سمن نے مزید لکھا ہے ”مجھے ایسے برے ادارے کو اپنا تعاون دینے پر آج افسوس ہو رہا ہے۔“