قصور ۔12جنوری(ملت ٹائمز)
ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر زینب کے قاتل کے قریب پہنچ چکے ہیں، شہادتیں دیکھ کر لگتا ہے کہ زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر ہے۔
لیگی رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایک ہی علاقے کے اندر اتنی وارداتوں کا ہوجانا معمولی بات نہیں ہے، شہادتوں کی بنیاد پر زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر لگتا ہے ، شواہد ملے ہیں جو ہمیں ملزم کی گرفتاری میں مدد دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زینب قتل کیس میں ایک اہم سراغ ملا ہے جس کے بعد فرانزک تحقیقات کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے قریب پہنچ چکے ہیں ہم سائنسی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، 24 گھنٹوں میں بہت سی کامیابی حاصل کرچکے ہیں جن کے بارے میں قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ قصور میں 2 دن امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے رہے، ہمیں ان مظاہرین کے جذبات کا احترام ہے ، پولیس کی طرف سے فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا ، یہ ہونے کے بعد ہم نے غمزدہ خاندانوں کی مدد کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شہر قصور میںگزشتہ دنوں 7 سالہ زینب کے ساتھ عصمت دری کرکے اس کا قتل کردیاگیا ہے جس کا بعد پورا پاکستان سراپا احتجاج بناہواہے ،ہندوستان سمیت دنیابھر میں سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی شدید مذمت کی جارہی ہے ۔





