غزہ(ایجنسیاں)
فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی میں واقع النصیرات کے جنوبی علاقے میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں واقع النصیرات کے جنوبی علاقے میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں6 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہدا کے جسد خاکی دیر البلح شہر کے شہدا الاقصی ہسپتال لائے گئے،حادثے کے 3 مزید زخمیوں کو بھی اسی ہسپتال علاج کی غرض سے لایا گیا۔ دھماکا وسطی غزہ کی الزوایدہ میونسپلٹی میں ہوا لیکن تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہو سکا۔ترجمان وزارت صحت اشرف القدرہ نے شناخت کے بعد شہدا کے ناموں کا اعلان کیا۔
جام شہادت نوش کرنے والوں میں طاہر عصام شاہین ، وسام احمد ابو محروق ، موس ابراہیم سلمان ، محمود ولید الستاذ ، محمود محمد الطواشی اور محمود سعید حلمی القیشاوی شامل ہیں۔ اسلامی تحریک مزاحمت کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ ان کے مجاہدین کا ایک گروپ نفرت انگیز اسرائیلی کارروائی کا شکار ہوا ہے۔