امام بخاری نے تبدیل کیا اپنا فیصلہ ۔22 اگست کو عید الاضحی کی نماز اداکرنے کا اعلان

چند دنوں قبل تک امام بخاری اپنے سابق فیصلہ پر نہ صرف اٹل تھے بلکہ جمعیة علماءہند جیسی موقر تنظیم پر انہوں نے آر ایس ایس اور قادیانیوں کے ساتھ ساز باز کرکے ملت کو دھوکہ دینے کا سنگین الزام عائد کیاتھا
نئی دہلی (ملت ٹائمز )
ذی الحجہ کے چاند کے سلسلے میں جامع مسجد کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے 22 اگست کو عید الاضحی کی نماز ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جامع مسجد سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی نے 30 کی رویت تسلیم کی تھی۔ لیکن ہندوستان کے مختلف شہروں سے رویت کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ جس میں اندور ، سیندوا(مدھیہ پردیش)، مالدہ، مغربی بنگال)، مالیگاﺅں، ممبئی (مہاراشٹر)، مدورائی، چنئی (تملناڈو) اسکے علاوہ جنکپور (نیپال) سے بھی شہادتیں ملی ہیں۔نیز ہندوستان کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں کے قاضی حضرات نے بھی اپنے اپنے شہروں سے رویت کی تصدیق کی ہے۔
آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی کاہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اورمذکورہ بالا شہادتوں کی بنیاد پر سابقہ فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے 29 کی رویت تسلیم کی ۔ لہذا اعلان کیاجاتا ہے کہ عید الاضحی انشاءاللہ 22اگست 2018بدھ کے روز ہوگی۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل تک امام بخاری اپنے سابق فیصلہ پر نہ صرف اٹل تھے بلکہ جمعیة علماءہند جیسی موقر تنظیم پر انہوں نے آر ایس ایس اور قادیانیوں کے ساتھ ساز باز کرکے ملت کو دھوکہ دینے کا سنگین الزام عائد کیاتھا جس کی علمی حلقے میں شدید مذمت کی گئی اور سوشل میڈیا پر بھی امام بخاری اس کیلئے ٹرول کیاگیا ۔امام بخاری کے حالیہ فیصلہ کا اہل علم نے خیر مقدم کیا ہے ۔

SHARE