فاروق عبداللہ ٹیکہ لگوانے کے بعد بھی ہوئے کورونا سے متاثر

عمر عبداللہ نے منگل کی صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘میرے والد کا کووڈ- 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں ہیں۔ میں اور میرے گھر والے ٹیسٹ کرائے جانے تک قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں۔
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں بھی نظر آ رہی ہیں۔ پچاسی سالہ فاروق عبداللہ کے فرزند عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر تصدیق کی ہے کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے منگل کی صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘میرے والد کا کووڈ- 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں ہیں۔ میں اور میرے گھر والے ٹیسٹ کرائے جانے تک قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں۔ اُن تمام لوگوں ’جو گزشتہ چند دنوں کے دوران ہمارے رابطے میں آئے ہیں، سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ لازمی احتیاطی تدابیر اپنائیں’۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے فاروق عبداللہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

فاروق عبداللہ نے رواں ماہ کی 2 تاریخ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔ ہر فرد کو کچھ ہفتوں کے فاصلے سے ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور فاروق عبداللہ کو ابھی تک صرف ایک خوراک دی گئی تھی۔ عمر عبداللہ نے تب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے ڈاکٹروں، نرسز اور عملے کا مشکور ہوں۔ آج (یعنی 2 مارچ) میرے 85 سالہ والد اور والدہ کو کورنا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی۔ میرے والد کئی عارضوں میں مبتلا ہیں جب وہ ویکسین کراسکتے ہیں تو آپ کو بھی کرانا چاہیے’۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں