دارالعلوم دیوبند آنے پر کسی کے لیے کوئی روک نہیں، انتخابی موسم میں ذمے داران سیاسی رہنماؤں سے نہیں ملتے، اویسی سے نہ ملنے پر مفتی ابوالقاسم نعمانی کا وضاحتی بیان

دیوبند: (سمیر چودھری) مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی کو دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کی اجازت نہ ملنے پر جاری بحث مباحثہ کے بیچ ادارے کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے وضاحتی بیان دیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے دروازے ہمیشہ سبھی کے لئے کھلے ہیں، جس کا جی چاہے اور جب چاہے وہ یہاں آ سکتا ہے؛ لیکن ادارے کی پالیسی کے تحت انتخابی دور میں سیاسی لیڈران کو یہاں آمد کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی دارالعلوم دیوبند آمد کے سلسلے میں بھی اسی موقف کا اظہار کیا گیا ہے۔ نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ حال ہی میں اسد الدین اویسی سہارنپور اور مظفر نگر کے سیاسی دوروں پر آئے تھے اور دونوں مقامات پر انہوں نے باضابطہ انتخابی جلسوں سے خطاب کیا ۔ اسی طرح ملک کے دیگر لیڈران کے بھی یوپی میں سیاسی دورے شروع ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمارا سابقہ موقف واضح ہے کہ الیکشن کے دور میں ادارے میں سیاسی رہنماؤں کی آمد کی اجازت نہیں ہے، اسی کے تحت اسد الدین اویسی کی آمد کے سلسلے میں گفتگو کرنے آئے لوگوں کے سامنے بھی ادارہ کے مذکورہ موقف کا ہی اظہار کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بحث مباحثہ کے درمیان اپنی وضاحتی گفتگو میں مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ اس وقت اتر پردیش میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں اور الیکشن نزدیک آتے ہی جملہ سیاسی جماعتوں کے لیڈران کی آمدورفت قرب و جوار کے علاقے میں ہونے لگی ہے ؛ اس لیے اس وقت ادارے میں سیاسی رہنماؤں کا استقبال نہیں کیا جاسکتا ہے، دارالعلوم دیوبند کے دروازے ہمیشہ سبھی کے لیے کھلے ہیں جس کا جب جی چاہے آسکتا ہے؛ لیکن انتخابی زمانے میں دارالعلوم دیوبند کے ذمے داران اپنی سابقہ پالیسی کے تحت سیاسی لیڈران سے ملاقات نہیں کرتے ہیں۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اسد الدین اویسی بھی پوری ریاست میں سیاسی دوروں پر ہیں، اْن کے سہارنپور دورے کے دوران کچھ لوگ ان کی دارالعلوم دیوبند آمد اور مزار قاسمی میں فاتحہ خوانی کی اجازت کے سلسلے میں گفتگو کرنے آئے تھے، جن کے سامنے ادارے کا موقف رکھا گیا اب کوئی اس کو کس طرح پیش کرتا ہے یہ اس کا اپنا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزار قاسمی اور دارالعلوم دیوبند میں کوئی کبھی بھی آ سکتا ہے، کسی کے لئے کوئی ممانعت نہیں ہے؛ لیکن ادارہ کے ذمے داران انتخابی دور میں سیاسی لیڈران سے ملاقات نہیں کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ادارے کی طرف سے اس سے قبل بھی اس سلسلے میں بیانات جاری کئے چکے ہیں اور کئی نامور سیاسی لیڈران سے ملاقات کرنے سے انکار بھی کیا جاچکا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com