’روزنامہ خبریں‘ اور ’الخدم گروپ‘ کے زیر اہتمام اسلامی کوئز کے فاتحین کو عمرہ ٹکٹ و تقسیم ایوارڈ تقریب کے چیف گیسٹ سعودی سفیر ڈاکٹر سعود محمد الساطی کا خطاب، نائب سفیر فیصل الجبانی کی بھی شرکت،نیک خواہشات سے نوازا
نئی دہلی(انور جعفری؍ملت ٹائمز):
ہندوستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات پرروشنی ڈالتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود الساطی نے کہاکہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی اور خصوصاً معاشی ترقی میں ہندوستانیوں کا کردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے یہ بات آج یہاں روزنامہ خبریں اور الخدم گروپ کے مشترکہ پروگرام‘ عمر ہ ٹکٹ تقسیم ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وہ اس پروگرام کے چیف گیسٹ تھے ۔انہوں نے آج یہاں معترفانہ لجے میں کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانیوں کی تعداد تقریباً تیس لاکھ ہے جن میں سے بیشتر مسلمان ہیں اور یہ لوگ سعودی عر ب کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ نہ صرف ایک اہم عبادت ہے بلکہ یہ بین ممالک رابطے کی اہم کڑی بھی ہے ۔ اس سے ایک دوسرے حالات واقعات جاننے کا موقع ملتا ہے ۔
ڈاکٹر الساطی نے اردو میڈیا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ میڈیا ملک کے تئیں بہترین خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے روزنامہ خبریں کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ جب اسلامی کوئز کے 5فاتحین کو عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی ہے، میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر الساطی نے کہاکہ خادم الحرمین شریفین کی سرپرستی میں حج اور عمرہ پر جانے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمات انجام دینے کے لئے سعودی عرب پُرعزم ہے۔ ان کی مہمان نوازی خادم الحرمین شریفین کی جانب سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور بہتر تعلقات ہیں، یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ لاکھوں فرزندان توحید حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آتے ہیں، جن میں سب سے بڑی تعداد ہندوستان کے عازمین کی ہو تی ہے۔ ہندوستانی برادران جس کثرت کے ساتھ عمرہ اور حج کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے جاتے ہیں وہ قابل فخر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب حرم مکہ کی توسیع بھی مکمل ہوچکی ہے، اب مزید افراد فریضہ حج اور عمرہ کو انجام دے سکتے ہیں۔
سعودی سفیر اور دیگر کے ہاتھوں اسلامی کوئز 5خوش نصیب فاتحین سید سجاد میاں( نئی دہلی)، انتظار حسین مظاہری (بجنور)، مہرالدین (جامعہ نگر نئی دہلی) ،بشیر احمد میر(جموںوکشمیر) اور عبد الرب (شاہ گنج یوپی) کو عمرہ کے ایئر ٹکٹ ، کٹ بیگ، ہوٹل کی بکنگ، ٹریویل اور احرام دیا گیا۔ اس موقع پر عازمین عمرہ و حج کی نمایاں خدمات انجام دینے والے منتخب افراد کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری فیصل اور قاری فضل الرحمن نے کیا۔ تقریب میں معروف نعت خواں علوینہ قریشی نے نعت شریف کا منظوم نذرانہ پیش کیا اور معروف شاعر متین امروہوی نے اپنے منفرد انداز میں کلام پیش کیا جبکہ مفتی قاسم نے سعودی سفیر کو عربی زبان میں پروگرام کا تعارف پیش کیا۔
اس پروگرام کا اہتمام انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعود الساطی کے نائب فیصل سعود الجبانی، مرکزی جمعیۃ اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، شاہی امام مولانا سید احمد بخاری اور معروف اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خاں نے بھی پروگرام میں شرکت کی ۔ انہوں نے اسلامک کوئز کے فاتحین کو مبارکباد اور الخدم گروپ اور روزنامہ خبریں کو نیک خواہشات پیش کیں۔ اس موقع پر عازمین عمرہ و حج کی نمایاں خدمات انجام دینے والے منتخب افراد کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری فیصل اور قاری فضل الرحمن نے کیا۔ تقریب میں معروف نعت خواں علوینہ قریشی نے نعت شریف کا منظوم نذرانہ پیش کیا اور معروف شاعر متین امروہوی نے اپنے منفرد انداز میں کلام پیش کیا ۔
مولانا اصغر امام مہدی سلفی نے عمرہ کا ٹکٹ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ان لوگوں نے ایسی جگہ کا ٹکٹ جیتا ہے جہاں جانے کی ہر مسلمان تمنا کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات بہت اہم ہے کہ کچھ لوگ کوئز کے ذریعہ سے سہی عمرہ کا انتظام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین جب وہاں جائیں تو اس مقام کی عظمت کو اپنے ذہن میں رکھیں، آپ کے دل میں اس سرزمین کی عظمت اور احترام ہونا چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ ہم سعودی حکومت کے بھی شکر گزار ہیں کہ لاکھوں لوگوں کی مہمان نوازی کرتی ہے۔
روزنامہ خبریں کے ایڈیٹر قاسم سید نے کہاکہ روزنامہ خبریں نے الخدم گروپ کے تعان سے یہ سلسلہ شروع کیا تھا۔ جس کا ثمرہ آج دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اخبار کو نامساعد حالات میں شروع کیا گیا تھا جو ترقی کرتے کرتے اس مقام تک پہنچا ہے امید ہے کہ اگر سب کا تعاون شامل حال رہا تو یہ اخبار مزید اونچائیوں کو چھوئے گا۔
معروف مسلم رہنما اور شاہی امام سید احمد بخاری نے اپنے تاثرات میں روزنامہ خبریں کی انفرادیت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اپنے وقار اور سنجیدگی کو برقرار رکھے گا۔ انہو ںنے اسلامی کوئز کے منتظمین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے الخدم گروپ کو بھی نیک خواہشات پیش کی۔ حضرت مولانا توقیر رضا خان نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اورکہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا جس طرح جرأت مند صحافی مقابلہ کر رہے ہیں ان میں روزنامہ خبریں بھی شامل ہے۔ حضرت مولانا نے کہا کہ انہیں اس پروگرام میں شرکت کر کے خوشی محسوس ہوئی۔
الخدم گروپ کے ڈائرکٹر شاہ جمال نے اس کوئز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ دو ہزار لوگوں نے اس کوئز میں حصہ لیا تھا اور کوئز میں 40 سوالات پوچھے گئے تھے جن میں 20 کے جوابات دینے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ دو ہزار لوگوں میں سے 500لوگوں کے جوابات صحیح پائے گئے اور قرعہ اندازی کے ذریعہ پانچ لوگوں کا انتخاب عمل میں آیا اور ان لوگوں کا عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا۔
پروگرام کی نظامت معروف صحافی اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سراج الدین قریشی کے میڈیا ایڈوائزر ایم ودود ساجد نے بحسن خوبی انجام دیے اور پروگرام کے وقار میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر الخدم گروپ کے ڈائرکٹر شاہ جمال کے والد ماجدزبیر احمد،حافظ جاوید، مولانا ساجد رشیدی، مفتی نثار، قاری عارف قاسمی، مولانا محمد راشد خان قاسمی، مولانا محمد عثمان مظاہری، مولانا صغیر احمد قاسمی، مولانا مفتی محمد ذوالفقار قاسمی، مولانا قاری محمد الطاف، مولانا عبد الرحمن عابد،حاجی وسیم ، حاجی نعیم ، محمد انس مفتی سلیم، سینئر صحافی مودود صدیقی، جاوید قمر، حاجی اسعد میاں، فرید قریشی، شفیع دہلوی، بدر جہاں، جاوید مشیری، ذاکر، محمد فیضان، حسنین اختر سمیت الخدم گروپ اور روزنامہ خبریں کے جملہ اسٹاف و اراکین موجود تھے۔