عظیم شخصیتوں کی نام پر منسوخ تعطیلات میں جمعۃ الوداع کو شامل کیا جانا سمجھ سے بالاتر
دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
اترپردیش حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عظیم ہستیوں کے نام پر کی جانے والی 15؍ سرکاری تعطیلات کوکابینہ کے ذریعہ منسوخ کردیاہے،اب ان چھٹیوں کے دن بھی سرکاری دفاتر اور اسکول کھلے گیں ،خاص بات یہ ہے کہ ان منسوخ تعطیلات کی فہرست میں عیدمیلاد النبی ؐ کی چھٹی شامل ہے جبکہ کئی دیگر مذہبی پیشواؤں کے نام کی جانے والی تعطیلات کو ان میں شامل نہیں کیاگیا ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تعطیلات میں جمعۃ الوداع کو شامل کیاگیا ہے جبکہ جمعۃ الوداع کسی شخصیت کے نام سے منسوب نہیں ہے ۔اترپردیش کی یوگی حکومت نے گزشتہ روز کابینہ کے ذریعہ ریاست میں سابقہ حکومتوں کے ذریعہ اعلان شدہ پندرہ سرکاری تعطیلات کو منسوخ کردیا،اب ان تعطیلات کے ایام میں بھی سرکاری دفاتر میں سرکاری کام کاج ہوگا اور اسکول کالجوں میں تعلیمی امور انجام دیئے جائینگے۔ حکومت کے مطابق یہ تمام تعطیلات عظیم شخصیتوں کے نام سے منسوب تھیں اب اس دوران اسکول کالجوں میں ان شخصیات کی حیات و خدمات کے حوالہ سے طلباء کو روشناس کرایا جائیگا،جو یقیناًحکومت کا قابل تحسین قدم ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تعطیلات میں جمعۃ الوداع کو شامل کیاگیا ہے جبکہ جمعۃ الوداع کی تعطیل کسی بھی شخصیت سے منسوب نہیں ہے،جمعیۃ الوداع کے سلسلہ میں حکومت کی معلومات میں کمی ہے یا پھر جان بوجھ کر ایسا کیاگیاہے اس کا صحیح جواب تو حکومت ہی دے سکتی ہے ،لیکن اس کو لیکر مسلم طبقہ میں ضرور تشویش کی کیفیت پائی جارہی ہے۔ وہیں حکومت کے ذریعہ تعطیلات کی منسوخی کے جوازپر بھی سوالیہ نشان لگایا جارہاہے ، چونکہ عظیم شخصیتوں کے نام پر کینسل کی گئی چھٹیوں کی فہرست میں عید میلاد النبیؐ کی تعطیل کو شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جنم ماشٹمی(شری کرشن کا یوم پیدائش)،کرسمس ڈے(عیسیٰ مسیح کا یوم پیدائش)گرو گووند سنگھ جینتی،مہاویر جینتی،روی داس جینتی اور بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر ہونے والی تعطیلات کو کینسل نہیں کیاگیا ہے ،جس کے سبب ذہن میں متعدد سوالات سرابھار رہے ہیں۔
اس بابت جب نامہ نگار نے یہاں سرکای عملے ، طلبا،اساتذہ و دیگر سماجی لوگوں سے بات چیت کی تو انہوں نے حکومت کے قدم کا خیر مقدمہ کیاہے لیکن حکومت کے ذریعہ جمعیۃ الوداع اور دیگر مذہبی پیشواؤں کوچھوڑ کر عیدمیلاد النبیؐ کی تعطیل منسوخ کئے جانے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یاتو جمعۃ الوداع اور عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں حکومت کی معلومات میں کمی ہے یا پھر سوچ سمجھ کر ایسا کیاگیا ہے ۔ لوگوں کاکہناہے کہ اعلان یہ کیاگیا کہ عظیم شخصیتوں سے منسوب چھٹیاں منسوخ کرکے اس دن اسکول کالجز میں ان شخصیات کی خدمات سے طلباء و روشناس کرایا جائیگا،پھر جمعۃ الوداع کی تعطیل کیوں منسوخ کی گئی ہے اور جب عید میلاد النبی ؐؒ ؒ کی چھٹی کینسل کی ہے تو پھر دیگر مذہبی پیشواؤں کے نام پر ہونے والی تعطیلات کو کیوں منسوخ نہیں کیاگیا؟۔ اس سلسلہ میں دارلعلوم زکریادیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی کاکہناہے کہ ہمارے یہاں اس طرح کی تعطیلا ت کی کوئی روایت نہیں ہے،حکومت کا یہ قدم بظاہر اچھا معلوم ہوتاہے لیکن شفافیت کی کمی کے سبب یہ متنازعہ ہوگیا کیونکہ جمعۃ الوداع کی تعطیل کو منسوخ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو غیر جانبدارانہ طورپر کام کرنا چاہئے اور عید میلاد النبی ؐ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام مذہبی پیشواؤں کے نام پر ہونے والی تعطیلات کو منسوخ کیاجانا چاہئے۔