حکام کو وارننگ ، لینڈ لائن پر بھی کر سکتے ہیں فون:یوگی

لکھنؤ، (ملت ٹائمز،ایجنسیاں)
اتر پردیش کے وزیر اعلی اس بات یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ افسر ان کام کاج اور قانون و انتظام کو درست کرنے کے لیے دفتر میں پورا وقت دیں۔جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں ریاستی حکومت میں وزیر اور حکومت کے ترجمان سری کانت شرما نے اس سلسلے میں حکام اور ملازمین کو وارننگ بھرے انداز میں کہا کہ وزیر اعلی صبح نو بجے سے شام چھ بجے کے درمیان کسی بھی وقت کسی بھی افسر کو ان کے آفس کے لینڈ لائن پر بھی فون کر سکتے ہیں۔ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر افسر اس دوران اپنے آفس میں نہیں ملے، تو ان کو باہر یا فیلڈ میں جانے کی معقول وجہ بتانی ہو گی ، ورنہ ان کے خلاف کاروائی ہو سکتی ہے۔حالانکہ اس معاملے میں سینئر پولیس افسران کو تھوڑی راحت دی گئی ہے۔دراصل ان افسران کو اکثر کام کاج یا اپنے جونیئروں کے کام کا معائنہ کرنے کے لیے میدان میں جانا پڑتا ہے،اس لیے ان کوتھوڑی راحت مل سکتی ہے، لیکن ضلع مجسٹریٹ جیسے سینئر افسران کو آفس سے باہر جانے کے سلسلے میں پختہ جواب دیناہوگا ۔اس سلسلے میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا ماننا ہے کہ اگر اعلی افسران آفس میں موجود رہیں گے، تو جونیئرافسران بھی نظم و ضبط بناکر ان کی پیروی کریں گے۔اس کے ساتھ ہی تمام اعلی افسران کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے گھر میں کوئی آفس بنایا ہو ، تو فوری طور پرا سے بند کر دیا جائے۔
SHARE