ریلوے کی پی اے سی کمیٹی کی میٹنگ میں جنید واقعہ کی گونج۔کمیٹی کے ممبر عرفان احمد نے ٹرینوں میں پیش آئے حالیہ واقعات کی روک تھام کے لئے اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا مدعا اٹھایا

نئی دہلی (ملت ٹائمزعامرظفر)
انڈین ریلوے بورڈ کی ذیلی کمیٹی پی اے سی (پسنجر اینیمیٹیز کمیٹی) کی 9ویں میٹنگ کل 28جون کو ریلوے بھون کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جس میں پی اے سی کے تمام مبران کے علاوہ ریلوے بورڈ کے سینئر افسران بھی شریک رہے ۔میٹنگ کا انعقاد کمیٹی کے چیئرمین ایچ راجا کی صدارت میں ہوا۔اس دوران گزشتہ دنوں کمیٹی ممبران کے ذریعہ ریلوے مسافرین کی سہولیات کے سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لئے جن اسٹیشنوں کا دورہ کیا گیا اور وہاں جن مسائل پر انسپکشن کمیٹی کے ممبران کی نظر گئی انھیں چیئر مین کے سامنے کمیٹی کے ممبران نے اٹھایا جن میں پینے کے پانی،بزرگ اور عمر دراز مسافرین کے لئے اسکیلیٹر اور صاف صفائی سے متعلق مسائل شامل تھے ۔دراصل پی اے سی ممبران وقتا فوقتا ہندوستانی ریلوے کے مختلف اسٹیشنوں کا دورہ کرکے زمینی سطح پر حالات کا جائزہ لیتے ہیں اور کمیٹی کی ماہانہ میٹنگ میں ان مسائل کو چئرمین کے سامنے پیش کیا جاتا ہے جن کی رپورٹ تیار کر کے عمل درآمد کے لئے ریلوے بورڈ اور ریلوے کے وزیر کے سامنے پیش کی جاتی ہے ۔پی اے سی ممبران کی اس جد و جپد کی ریلوے وزیر بھی تعریف کر چکے ہیں۔اس میٹنگ میں کی خاص بات یہ رہی کہ گزشتہ دنوں ریلوے میں مسافرین کے ساتھ پیش آنے والے کئی واقعات پر بھی میٹنگ میں غور وخوض کیا گیااور کمیٹی کے ممبر عرفان احمد نے تمام ممبران اور چیئر میں کے سامنے مسافرین کی حفاظت سے تعلق رکھنے والے حالیہ دنوں پیش آنے والے کئی واقعات کی جانب توجہ مبذول کرائی ۔عرفان احمد نے رمضان میںٹرین میں بجنور میں ایک خاتون کے ساتھ پیش آنے والے عصمت دری واقعہ ،فرید آباد میں پیش آئے ایک دیگر عصمت دری واقعہ اور ابھی حال ہی میں بلبھ گڑھ میں عید کی تیاری کرکے لوٹ رہے تین مسلم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے دردناک حادثہ جس میں ایک 16سالہ بچہ جنید کی جان چلی گئی جیسے دیگر واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعا ت سے جہاں ہندوستانی تہذیب و ثقافت پر سوال کھڑے ہوتے ہیں وہیں ریلوے انتظامیہ کی ذمہ داری بھی سوالوں کے گھیرے میں آجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی اے سی کی ذمہ داری یہی ہے کہ وہ زمینی سطح پر ریلوے مسافرین کی سہولیات کا جائزہ لیکر افسران اور حکام کو صحیح مسائل سے آگاہ کرے اور مسافرین کی حفاظت اور سہولیات سے متعلق سفارشات پیش کرے۔عرفان احمد نے چیئر مین کے سامنے ایسے ریلوے اسٹیشنوں پر جہاں اس طرح کے واقعات کثرت سے پیش آرہے ہیں ان کی نشاندہی کرکے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا مشورہ دیا۔عرفان احمد نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے لگانے سے جہاں اس طرح کے واقعات پر لگام لگے گی وہیں شر پسند عناصر پر کار روائی کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسافرین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے مدد گار ثابت ہوں گے۔عرفان احمد کی اس رائے پر میٹنگ میں کمیٹی کے دیگر ممبران نے بھی مثبت رد عمل کا اظہار کیا اور چیئر مین ایچ راجہ نے اس مشورہ پر رپورٹ تیار کرکے جلد از جلد ریلوے بورڈکے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔