نتیش کمار نے چھٹی مرتبہ لیا وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف ،آج سے بہار میں بھی سنگھ راج کی شروعات

پٹنہ نئی دہلی(ملت ٹائمزمحمد قیصر صدیقی)
عظیم اتحاد سے الگ ہوکر نتیش کمار نے بی جے پی کے ساتھ مل کر آج صبح دس بجے چھٹی مرتبہ وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لے لیا ،ان کے ساتھ بی جے پی کے رکن سشیل کمار مودی نے بھی نائب وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا ،ان دوکے علاوہ دیگر لوگوں نے اس تقریب میں حلف نہیں لیا ،اسی کے ساتھ بہار میں چار سال بعد ایک مرتبہ پھر این ڈی اے کی حکومت بن گئی ہے ،آج سے چار سال قبل بھی یہ یہی دونوں بہار میں وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی تھے ،نومنٹ میں حلف برداری کی تقریب مکمل ہوئی ،شروع اور اخیر میں قومی ترانہ بھی پڑھاگیا اور اب کل 28 جولائی کو نتیش کمار کو اکثریت ثابت کرناہے ۔
ہم آپ کو بتادیں کہ بدھ کی شام ساڑھے چھ بجے نتیش کمار نے تیجسوی یاد و کے معاملہ اور لالو پر مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعلی کا عہدہ سے استعفی دے دیاتھا ،اس کے بی جے پی کی حمایت سے انہوں نے حکومت بنانے کا اعلان کیا ،پہلے انہوں نے جمعرات کو شام پانچ بجے حلف لینے کا وقت بتایا لیکن اس دوران آر جے ڈی نے گورنر سے کہاکہ بہار کی سب سے بڑی پارٹی ان کی ہے اس لئے انہیں پہلے حکومت سازی کا موقع ملنا چاہیئے ،جس کے بعد نتیش کمار نے پینترا بدلتے ہوئے رات ایک بجے گورنر سے ملاقات کی اور طویل ملاقات کے بعد جمعرات کو صبح دس بجے حلف لینے کا وقت متعین کردیا ،اسی دواران نتیش کمار نے 132 ممبران اسمبلی کی حمایت بھی دکھلائی ،ادھر تیجسوی یادو نے بھی رات کے ڈھائی بجے گورنر سے ملاقات کی ،انہوں نے ممبئی فیصلہ کا حوالہ بھی دیا لیکن یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی اور اس طرح نتیش کمار نے دس بجے وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لے لیا ہے ۔
نتیش کار چھٹی مرتبہ بہار کے وزیر اعلی بنے ہیں اور اس طرح سب سے زیادہ وزیر اعلی بننے والوں میں ان کا نام شامل ہوگیا ہے۔