بہار اسمبلی تحلیل کرکے ریاست میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں: ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی (ملت ٹائمزایف آئی فیضی)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر اے سعید نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ بہار کے وزیر اعلی کے عہدے سے نتیش کمار نے استعفی دیکر اور ” مہا گٹھ بندھن “کو چھوڑ کر NDAحکومت سے وفاداری کرکے عوام کے مینڈیٹ کے خلاف ورزی کرکے عوام کامذاق اڑایا ہے۔ لہذا بہار اسمبلی کو تحلیل کرکے دوبارہ انتخابات کرایا جانا چاہئے تاکہ عوام کی جانب سے دوبارہ ایک واضح مینڈیٹ حاصل کیا جاسکے۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ا ے سعید نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ انتخابات میں بہار کی اکثریت نے فرقہ پرست بی جے پی اور اس کے اتحادی پارٹیوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے سیکولر پارٹیوں اور ان کے اتحادی پارٹیوں کو ووٹ دیا ہے۔ ملک اور ریاست بہار کے عوام اس بات کو نہیںبھولے ہیں کہ نتیش کمار نے گزشتہ انتخابات کے دوران بی جے پی اور نریندر مودی کی کڑی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کو اس کی تنوع کی حفاظت کے لیے صرف سیکولر نظریات کی ضرورت ہے۔ تاہم وزیر اعلی کے طور پر اقتدار سنبھالنے کے بعد نتیش کمار نریندرمودی اور ان کی پالیسیوں سے مرعوب دکھائی دے رہے تھے جو “مہا گٹھ بندھن “کے بنیادی پالیسیوں کے خلاف ہے۔ نتیش کمار کی موقف پرستانہ اور غیر یقینی سیاسی ذہنیت سے مہا گٹھ بندھن کے امیج کو کئی بار زک پہنچا ہے۔ نتیش کمار اپنے اتحادی پارٹیوں اور اس کے رہنماﺅن کے ساتھ جو موقف اپناتے رہے اس سے بی جے پی اور اس کے اتحادی پارٹیاں فائدہ اٹھاتی رہیں۔ اب نتیش کمار بہار اور مہا گٹھ بندھن کے وزیر اعلی کے طور پر استعفی دیکر بی جے پی کی حمایت سے وزیر اعلی بننے کی کوشش کررہے ہیں وہ بہار کے عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑانے اور ان کے ساتھ انتہائی دھوکہ دہی کرنے کے مترادف ہے۔