لکھنو(ملت ٹائمز)
ملک کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان2022ءتک دہشت گردی اورعلیحدگی پسند تحریکوں سے مکمل آزادی حاصل کر لے گا۔
”زی نیوز “ کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2022ءتک ہم جس ”نئے ہندوستان“ کا خواب دیکھ رہے ہیں اس میں دہشت گردی اور نکسل واد کا خاتمہ بھی ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت بنانے کے لئے نہیں بلکہ ملک کی تعمیرکے لئے کام کرتی ہے، ہمارا مقصد عام لوگوں کی خواہشات کی تکمیل، ملک کے عزت و وقار میں اضافہ اور آخری قطار میں شامل شخص کی خوشحالی ہے،سال 2022 تک بھارت دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور نکسل ازم سے آزاد ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے 1942میں ”انگریزو بھارت چھوڑو“ کا نعرہ دیا تھا ،اس نعرے کے پانچ سال کے اندر ہی اگر ہندوستان آزاد ہو سکتا ہے تو پانچ سال میں ہم” نئے ہندوستان “کی تعمیر کیوں نہیں کر سکتے؟۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹل بہاری واجپائی حکومت کے بعد مودی حکومت پر بھی کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے،نئے نظام سے لوگوں کو ابتدائی طور پر کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر انہیں یقین ہے کہ کچھ دن بعد سب اس کی تعریف کریں گے۔