ممتا کے بنگال میں موہن بھاگوت کے بعد امت شاہ کو بھی نہیں ملی اجازت ،بی جے پی چراغ پا

کولکاتہ(ملت ٹائمز)
بھارتیہ جنتا پارٹی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی حکومت پر بی جے پی کے صدر امت شاہ کو پروگرام کے لئے جگہ نہ دینے کاالزام لگایاہے۔بی جے پی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کولکاتہ میں امت شاہ کے پروگرام کے لئے پارٹی نے کئی جگہوں پر درخواست دی ہے لیکن جگہ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے،آپ کوبتادیں کہ آر ایس ایس کے سربراہ موان بھاگوت کے پروگرام کو منظم کرنے کے لئے آڈیٹوریم کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔
امت شاہ 11سے 13ستمبرکے درمیان مغربی بنگال کے دورے پر رہیں گے۔اس کے دوران 12ستمبر کوان کے پروگرام کیلئے نیتاجی انڈور اسٹیڈیم بک کیاگیاتھا لیکن وہاں کچھ کام چلنے کی وجہ سے اجازت نہیں دی گئی تھی۔ بی جے پی لیڈر روپا گانگولی نے ریاستی حکومت پرحملہ کرتے ہوئے کہا کہ ممتا کی حکومت ہر مسئلہ پر سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ممتا حکومت نے کانگریس اور لیفٹ پر اس طرح کی پابندی نہیں لگائی ہے بلکہ بی جے پی پر مسلسل روک لگا رہی ہے۔
غورطلب ہے کہ 3اکتوبر کو کولکاتہ کے مشہور حکومتی ادارے مہاجیت سدن میں ایک تقریب منعقدہونی تھی، جس میں موہن بھاگوت خطاب کرنے والے تھے لیکن حکام نے اس کی بکنگ کو منسوخ کر دیا۔بنگال کے گورنر کیسر ی ناتھ ترپاٹھی کو بھی پروگرام میں شرکت کے لئے جا ناتھا۔