اقوام متحدہ کی ہندوستان پرشدید تنقید،مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسی اورروہنگیا کو ملک بدرکرنے پر اظہارافسوس

جینوا۔نئی دہلی(ملت ٹائمز/ایجنسیاں)

ہندوستان  میں مذہبی تعصب میں اضافہ ،گاؤ رکشا کے نام پرتشدد،آزادی اظہار رائےپرحملے،روہنگیا مسلمانوں کی بےدخلی اور اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائےانسانی حقوق زید رعد ال حسین نے ہندوستان  کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورعالمی تنظیم برائے انسانی حقوق نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھ لیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہندوستان میں موجود روہنگیا مسلمانوں کی بے دخلی اور خاتون صحافی گوری لنکیش کے معاملے پر ہندوستان پر کھل کر تنقید کی ۔

ہائی کمشنرزید رعد ال حسین نے کہا کہ ہندوستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر آواز اٹھانے والوں کو ہراساں کیا جاتا ہے، حکومت انہیں تحفظ فراہم نہیں کرتی۔

اقوام متحدہ کے کمشنر نے روہنگیا مسلمانوں سے متعلق سرکاریاقدامات پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔

ہائی کمشنرزید رعد ال حسین نے کشمیرمیں میں جاری شورش اورملک بھر میں مذہبی تعصب میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مذہبی تعصب اور اقلیتوں سے متعلق برتاؤ پر دہشت زدہ ہیں، وہاں تشدد کی موجودہ لہراور گائے کی حفاظت کے نام پرمسلمانوں کا قتل اور انتہا پسندوں کے حملے خطرناک ہیں ۔