اسلام آباد(ملت ٹائمز)
9 نومبر کو ہندوستان ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں محبان اردو شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم پیدائش کی مناسبت سے یوم اردو مناتے ہیں ،پاکستان میں یوم اردو سب سے زیادہ اہتمام کے ساتھ منایاجاتاہے کیوں کہ علامہ اقبال نے ہی پاکستان کا تصورپیش کیاتھا اور اردو وہاں کی سرکاری زبان ہے ۔وہاں ہرسال یوم اقبال پر سرکاری چھٹی بھی ہوتی ہے لیکن رواں سال یوم اقبال پر 9 نومبر کو سرکاری تعطیل نہیں ہوگی۔
روزنامہ پاکستان کے مطابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے یوم اقبال کی چھٹی کی سمری مسترد کردی ہے ،ذرائع کے مطابق علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر 9 نومبر کو سرکاری تعطیل کے لیے وزارت داخلہ نے سمری تیار کرکے منظوری کے لیے وزیر داخلہ کوارسال کی تھی ، وزیر داخلہ نے سمری کو مسترد کردیا، واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یوم اقبال کی چھٹی تین سال قبل منسوخ کی تھی ۔
ہندوستان میں بھی یوم اقبال کا اہتمام کیا جاتاہے لیکن کسی طرح کی کوئی سرکاری چھٹی نہیں ہوتی ہے ۔