ریاض (ملت ٹائمز)
سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور کویت نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے ، اس کے علاوہ شہریوں کو لبنان کا سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے شہریوں کیلئے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث سعودی شہری فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں اور جو لوگ وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اپنے ارادے سے باز رہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد متحدہ عرب امارات اور کویت نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان جانے سے روک دیا۔ سعودی عرب کے اہم اتحادی بحرین نے اتوار کے روز ہی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ روز پہلے ہی لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران اچانک استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو تنظیم حزب اللہ ان کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے جون میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر قطر کا مکمل بائیکاٹ کردیا تھا۔





