سعودی عرب اورٹرمپ کے ہنی مون کا خاتمہ، اسرائیل پر مہربانی کے بعد سعودی عرب کے خلاف اقدام ،یمن کا محاصرہ ختم کرنے مطالبہ

واشنگٹن(ایجنسیاں)
یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اب سعودی عرب سے ایسا مطالبہ کر دیا ہے کہ سن کر سعودی حکومت حیران رہ گئی۔فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یمن کی جنگ میں سعودی حکومت ڈونلڈٹرمپ کو اپنا سب سے بڑا حمایتی خیال کرتی تھی لیکن اب انہوں نے ہی سعودی عرب سے یمن کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے جس نے سعودی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا۔
صدر ٹرمپ کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ”میں نے اپنی انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب کی قیادت سے رابطہ کریں اور ان سے یمن کا محاصرہ ختم کرنے کی درخواست کریں اور ان سے مطالبہ کریں کہ یمن میں شہریوں کو خوراک، ایندھن، پانی اور ادویات کی مکمل فراہمی کی اجازت دی جائے، کیونکہ یمنی باشندوں کو اس وقت اشیائے ضروریہ کی اشد ضرورت ہے۔“
یمن میں سعودی اتحادی افواج ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو شکست دینے کے لیے مصروف جنگ ہیں اور گزشتہ دنوں یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت پر ایک میزائل فائر کیا جو ریاض کے ایئرپورٹ سے کچھ فاصلے پر ناکارہ بنا دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد سعودی عرب کی طرف سے یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر دی گئی تھی۔ اس کی طرف موقف اختیار کیا گیا کہ حدود بند کرنے کا مقصد حوثی باغیوں کو ایران کی طرف سے میزائل و دیگر اسلے کی فراہمی روکنا ہے تاہم اس سے امدادی سامان کی نقل و حمل بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔یمن کی جنگ میں اب تک 10ہزار سے زائد عام شہری جاں بحق اور 30لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔