ریاض۔19دسمبر(ملت ٹائمز ایجنسیاں)
سعودی عرب کی راجدھانی ریاض پر یمن سے ایک بار پھر میزائل حملہ کیا گیا جس میں شاہی محل ال یماما پیلس کو نشانا بنانے کی کوشش کی گئی تاہم سعودی اتحادی فورسز نے حملے کو ناکام بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق یمن سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہی محل ال یماما پیلس کو بیلسٹک میزائل سے نشانا بنانے کی کوشش کی گئی تاہم سعودی اتحادی فورسز نے میزائل حملے کو ناکام بنادیا، میزائل حملے کے وقت ال یماما پیلس میں سعودی رہنماوں کا اجلاس جاری تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں کسی سعودی شہری کے مارے جانے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد متاثرہ علاقے میں دھویں کے گہرے بادل چھاگئے۔
دوسری جانب یمن میں حوثی باغیوں نے بیلسٹک میزائل حملے میں ال یماما پیلس کو نشانا بنانے کی تصدیق کی ہے تاہم سعودی سیکیورٹی فورسز اور محکمہ دفاع کے حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔