جمہوریت کا دعویدار امریکہ ڈالروں کے زور پر ممالک کی خواہشات خریدنے کے لئے کوشاں ، اس بار دنیا ٹرمپ کو ضرور سبق سکھائے گی: طیب اردگان

انقرہ ۔21دسمبر(ملت ٹائمزایجنسیاں)
ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ جمہوریت کا دعویدار امریکہ ڈالروں اور دھمکیوں کے زور پر ممالک کی خواہشات خریدنے کے لئے کوشاں ہے ، امریکہ کی گیدڑ بھبکیاں ہمیں نہیں جھکا سکتیں اور نہ ہی واشنگٹن ڈالر کے ذریعے ہمیں خرید سکتا ہے، امید ہے اس بار دنیا ڈونلڈ ٹرمپ کو ضرور سبق سکھائے گی۔
مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پرامریکی صدرٹرمپ کی دھمکی کاجواب دیتے ہوئے ترک صدر طیب اردگان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ تم ڈالرز کے زرو پر ترکی کی جمہوری خواہشات کو خرید نہیں سکتے ، القدس پر ہمارا م?قف بالکل واضح ہے ، میری تمام دنیا سے اپیل ہے کہ وہ اپنی خواہشات کوچند ڈالرز کے عوض مت فروخت کریں۔جمہوریت یہ نہیں کہ کسی کی خواہش اور مرضی کو دولت کے بل بوتے پر فروخت کیا جائے،پوری دنیا کو اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔ میرا یقین ہے کہ آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں امریکی مرضی کے مطابق فیصلہ نہیں آئے گا اور دنیا ڈونلڈ ٹرمپ کو اچھا سبق سکھائے گی۔