پیرس۔23دسمبر(ملت ٹائمز ایجنسیاں)
فرانس کے صدر ایمانول مائکروں نے کہا ہے کہ امریکا خود کودیوارسے لگارہا ہے لیکن کسی بھی مناسب وقت میں فلسطین کوآزاد ریاست تسلیم کرلیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کے صدر محمود عباس نے پیرس میں فرانس کے صدر ایمانول مائکروں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد امریکا نے دیانت دار مذاکرات کار کا درجہ کھو دیا ہے، ہم امریکا سے مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم اب امریکی امن کوششوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پرفرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ کسی بھی مناسب وقت میں فلسطین کو آزاد ریاست کے طورپر تسلیم کرلیں گے ہم ہرگز ایسی غلطی نہیں کریں گے جس سے فلسطین اسرائیل کا دشمن بن جائے،امریکا خود کودیوارسے لگارہا ہے۔ انہوں نے امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کی امداد روکنے کی دھمکی کو بھی مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی غلطی ہے کہ وہ دور بیٹھ کر فسلطین اوراسرائیل کے تنازع کو اپنی مرضی کے مطابق حل کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی ہے اور فرانس کے اس اعلان سے عالمی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے دوسری جانب مسلمانوں میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے ۔