سعودی عرب کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کا 7 فروری سے آغاز ،رواں سال ہندوستان کو بنایاجائے گا مہمان خصوصی

ریاض ۔22جنوری(ملت ٹائمز)
سعودی عرب کا جنادریہ میلہ مملکت کی سب سے بڑی ثقافتی تقریبات میں سے ایک ہے جس کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے۔ رواں سال بھی 7 فروری سے اس عظیم الشان میلے کا انعقاد ہورہا ہے جس میں ہندوستان کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیاہے ۔
سعودی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے میلے میں متعدد تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جن میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔ دارالحکومت سے 42 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع جنادریہ کے مقام پر یہ میلہ 18 دن تک جاری رہے گا۔ہر سال کی طرح اس بار بھی میلے میں اونٹوں کی دوڑ، گھوڑوں کی دوڑ، تلوار ڈانس، شاعری، موسیقی و دستکاری کے مقابلے، اور انواع و اقسام کے کھانے موجود ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں بھارتی سفیر احمد جاوید نے نیشنل گارڈ کے وزیر پرنس خالد بن ایاف سے ملاقات کی جس میں متعدد امور پر بات کی گئی، جن میں جنادریہ میلے کی تیاریوں کا موضوع بھی شامل تھا۔ا س موقع پر بھارتی سفیر نے جنادریہ کے میلے میں بھارت کو خصوصی مہمان کا درجہ دینے پر اسے اپنے ملک کے لئے اعزاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے بھارت کو دی جانے والی اہمیت کا مظہر ہے۔.


ملت ٹائمز ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، اسے مضبوط میڈیا ہاوس بنانے اور ہر طرح کے دباو سے آزاد رکھنے کیلئے مالی امداد کیجئے