مسلم لیگ نون کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،ہماری سرکارنے کئی تاریخی اور اہم کارنامے انجا م دیئے ہیں:پاک وزیراعظم خاقان عباسی

اسلام آباد۔24جنوری(ملت ٹائمز)
پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ کام کررہی ہے اور واحد حکومت ہے جس نے اپنی تقریباً پانچ سالہ مدت کے دوران کرپشن کے کسی کوئی الزام کا سامنا نہیں کیاہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن اپنے وقت پر منعقد ہوں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیر اعظم آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو یکم جولائی تک اقتدار میں رہنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن اپنے وقت پر منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ یکم جولائی تک رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اگر کسی میں جرات ہے تو ان کے پاس وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا آپشن ہے یا پھر وہ خود قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے کریڈٹ میں بجلی وگیس کے بحرانوں پر قابو پانا اور ملک گیر شاہراتی نیٹ ورک کی توسیع سمیت کئی شاندار کارنامے شامل ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہم ان کامیابیوں کے ساتھ 2018ءکے عام انتخابات میں جائیں گے۔