میں نے انگریجّی کیسے سیکھی؟

فیصل نذیر

تقسیم ہند کے وقت انگریز ہمیں دھوکے سے تین ایسے بیکا ر مسائل دے کر چلے گئے جو ہر ہندوستانی کے لئے رسوائی اور عدم تحفظ کا اب تک ذریعہ بنی ہوئی ہے (۱)پاکستان (۲)کشمیر (۳) انگریزی۔
پاکستان اور کشمیر کا مسئلہ تو ہمیں کبھی کبھی رسوا کرتا ہے اور درد دیتا ہے مگر انگریزی ایک ایسا مسئلہ ہے جو ہر لحظہ و لمحہ ہمیں احساس کمتری میں مبتلا کئے رہتا ہے ۔
کسی مفکر نے درست کہا ہے ’’انگریزوں نے ہمارے باپ دادا کو پریشان کیا اور انگریزی ہمیں پریشان کر رہی ہے۔‘‘
تو میری اور انگریزی کی کہانی بھی کچھ اسی طرح کی ہے ، میں نے جس مدرسے میں تعلیم حاصل کی وہ لوگ اپنی انگریز دشمنی کے لئے مشہور تھے اور مغرب و یورپ کی ہر چیز کو دین اسلام کے خلاف ایک سازش کے روپ میں دیکھتے تھے، یہاں تک کہ دوران تعلیم اگر کوئی بچہ غیر شعوری طور پر انگریزی لفظ کا استعمال کر لے تو اساتذہ اس پر یہ کہتے ہوئے برس پڑتے تھے کہ تم عیسائیوں اور یہودیوں کی ناپا ک زبان استعمال کر رہے ہواور تم ان کی سازش کا حصہ بن رہے ہو۔
وہ بچہ بیچارہ انگدشت بدنداں رہ جاتا ، کہ ارے یہ انگریزی لفظ ہے ؟ میں انجانے میں یہودیوں اور کفار کے مکر وفریب کا شکار ہو گیااور پھر وہ بچہ دل میں کلمہ طیبہ دہراتا۔
لہٰذا بچپن میں جب انگریزی سیکھنے کاخواب شرمندہ تعبیر نہ ہوا اور یونیورسٹی میں آنے کا اتفاق ہواتو اپنی کمزوری کا احساس ہوا اورگھبراہٹ میں کبھی انگریزی اخبار کا اداریہ پڑھنے لگا تو کبھی آل انڈیا ریڈیو کی خبریں سننے لگا تو کبھی برٹش انگلش کلاس میں داخلہ لیا تو کبھی امریکن ایکسنٹ کلاس سے متصل ہوگیا۔
اس ہڑبڑی میں کلاس میں عبارت خوانی کے درمیان ایسی ایسی فحش غلطیاں کر بیٹھتا کہ لفظ فحش کو بھی شرم آجائے ۔
ایک بار گریجویشن سال اول میں جنرل انگلش کے ایک ٹیچر کے سامنے لفظ BrotherکوBrothel(طوائف خانہ) پڑھ دیا، Appealکو Apple ، CenturyکوCountry، Prosicution (مدعی) کو Prostitution(طوائف) پڑھ دیا، پھر جب میں نے محسوس کیا کہ کلاس کی لڑکیاں منھ چھپا رہی ہیں تو فوراً غلطی کا احساس ہوا اور پوری کلاس قہقہے سے گونج اٹھی ۔ ایک بار انٹرویو میں بہت سے ٹیچر کے سامنے Tortureکو Tutorپڑھ دیا اور سب قہقہہ مارنے لگے ۔ لیکن میں نے ہمیشہ اپنی بڑی غلطیوں اور پشیمانیوں سے سیکھنے کی کوشش کی اور سیکھتا رہا اور اپنی ڈائریوں میں نئے الفاظ کا ذخیرہ جمع کرتارہا ۔
ابتداء میں جب لفظ Enthusiasmکی ادائیگی میں بڑی تکلیف ہوئی تو میں نے اسے فلم’’ مغل اعظم ‘‘ سے جوڑ کر ’’انتھوزی اعظم‘‘ کی شکل دے کر یاد کرلیا، انگریزی اخبار پڑھنا شروع کر دیا ، TED talk کی ویڈیوز دیکھنا اور نہاریکا کی انگلش بہتر کرنے والی Youtube ویڈیوز دیکھنے لگا، یہ اور بات ہے کہ عاشقانہ مزاج کی وجہ سے کبھی کبھی ان کے حسن میں ڈوب جاتا اور پھر توبہ کرتے ہوئے ابھرتا۔
پھر جیسے جیسے انگریزی بہتر ہوتی گئی ہم بھی گاؤں ،دیہات والوں کے سامنے خوب جمانے لگے۔ انگریزی سے نابلد دوستوں کے فیس بک پیج پر بھاری انگریزی الفاظ میں کمنٹ کرنے لگے، مدرسے کے طلبا کے سامنے ان کو متاثر کرنے کے لئے اپنی غیر متاثر انگریزی جھاڑنے لگے، محل بے محل K**F لفظ کا جائز و ناجائز استعمال کرنے لگے۔ پچھلے ہفتے ہی کی بات ہے جب ایک شخص نے مجھ سے میرا نام پوچھا تو میں نے جواب دیا You Know, My name is You Know Faisal You Know ۔
یعنی ہر بات پر You Know کے تکیہ کلام بلکہ مکمل بستر کلام کو استعمال کیا، غرض یہ کہ ہماری ڈوبتی ہوئی انگریزی کو You Know کا سہارا مل گیا۔ کچھ دنوں پہلے چائے کی دکان پر بیٹھے ایک شخص سے میں نے راستہ پوچھا تو اس نے لڑکھڑاتی ہوئی انگریزی میں جواب دیا Go Left پھرکچھ رک کر بولا تم کو انگریزی آتی ہے؟ میں نے مکمل اعتماد سے جواب دیا، جی بہت اچھی، تو اس نے ہمت ہارتے ہوئے کہا، تو پھر ہندی میں سن لو،’’ یہاں سے بائیں ہاتھ پر مڑ جاؤ‘‘۔
انگریزی سے متعلق میرے ذہن میں خلجان ہیں۔ لوگ کہتے ہیں اردو محبت کی زبان ہے، شاعری کی زبان ہے، عاشقی کی زبان ہے، مگر دنیا جتنا لفظِ I Love You اور I Miss U استعمال کرتی ہے ، اتنا آج تک دنیا میں کوئی جملہ نہیں بولا گیا۔ ہر کس وناکس ، بچے ،بوڑھے، مرد، عورت، رکشہ والے، ٹھیلے والے، ہر سرراہ چلنے والے کی زبان پر قومی نغمے کے بجائے بس I Love U ہی ہوتا ہے۔ ان تمام لوگوں کو Anti Natinol قرار دے دیا جانا چاہئے۔
اور میرا اعتراض انگریزی پر یہ ہے کہ اگر آپ Harmless اور Harmfull کو متضاد مانتے ہیں تو Shameless اور Shamefull کو مترادف و ہم معنی کیوں کہتے ہیں۔ ہوٹل میں کھانا لانے والے کو آپ Waiter کیوں کہتے ہیں جبکہ انتظار آپ کو کرنا پڑتا ہے؟ Vegetarian اگر آپ سبزی خور کو کہتے ہیں تو Humanitarianکیا آپ آدم خور کو کہیں گے؟ آپ عمارت کو Bulding کہتے ہیں جبکہ وہ پہلے سے Built ہے ؟ اگر Fire Fighter کا مطلب آگ سے لڑنے والا ہوا تو Freedom Fighter کے معنی کیا کریں گے؟ اگر Look اور See کا معنی ایک ہے تو Overlook اورOversee کے معنی الگ کیوں ہیں؟ Abbriviation جس کے معنی مخفف کے آتے ہیں اسی کی Speling اتنی مطول اور لمبی کیوں ہے؟ اگر Uplift اور Liftup کے معنی ایک ہیں تو Upset اور Setup کے معنی الگ کیوں ہیں؟
غرضیکہ اس خرافاتی زبان نے ہمیں مرغا بنا دیا ہے۔ میں اس زبان کے ساتھ اس کی تہذیب میں بھی گھل مل چکا ہوں ، ہمیشہ اپنی ہر زبان چاہے انگریزی، عربی یا اردو ہو اس کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں، نئے الفاظ ایسے ہی جمع کرتا ہوں جیسے کوئی جوہری جواہرات جمع کرتا ہے۔ یہ زبانیں خدا کی نشانیاں ہیں اور اسی لئے اسے خد ا کی نشانی سمجھ کر عمر بھر مزید بہتر سے بہتر کرنے کی تمنا ہے۔
یہ ہے میری انگریزی فہمی کی خوبصورت داستاں۔
(ملت ٹائمز)
(مضمون نگار جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں ایم عربک سال دوم کے طالب علم ہیں)
روم نمبر122، علامہ اقبال ہاسٹل،جامعہ ملیہ اسلامیہ

SHARE