کیرالہ میں بارش کا قہر جاری ،47 سے زائد اموات ،کوچی ایئر پورٹ بند

کوچی کی فلائٹ رد ہونے کی وجہ سے خلیجی ممالک میں رہنےو الے کیرالہ کے کئی شہری وہاں ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔
تری ونت پورم(ایجنسیاں)
کیرالہ میں سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے مرنے والوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔ خبروں کے مطابق صرف بدھ کو شدید بارش ، لینڈ سلائڈ اور سیلاب سے وابستہ واقعات میں 27 افراد کی جانیں تلف ہوگئیں جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ادھر مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کوچی ائیر پورٹ پر فلائٹ کی آمدورفت ہفتہ تک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے ایئر پورٹ اتھاریٹی نے بدھ کو دوپہر دو بجے تک کیلئے ائیرپورٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کوچی ائیرپورٹ بند ہونے کے بعد کالی کٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے اضافی بوجھ برداشت کرنے کی پہل کی ہے۔ بدھ کو دوپہر میں جاری ایک بیان کے مطابق ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کالی کٹ ائیر پورٹ طیاروں کا اضافی بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہے۔ رپورٹس کے مطابق کوچی کی فلائٹ رد ہونے کی وجہ سے خلیجی ممالک میں رہنےو الے کیرالہ کے کئی شہری وہاں ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔
ادھر وزیر اعظم مودی نے کیرالہ کے وزیر اعلی پی وجین سے فون پر بات چیت کی ہےاور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ درایں اثنا پی وجین نے تمل ناڈو کے وزیر اعلی کو ایک ای میل بھیجا ہے ،جس میں ملا پیریئر کی آبی سطح کو کم کرکے 139 فٹ کرنے کیلئے کہا ہے ، کیونکہ رج واریئر میں پانی کا بہاو کیرالہ کے صلاحیت سے زیادہ ہے۔

SHARE