بی جے پی لیڈر سوامی کے بیان پر مالدیپ سخت برہم ،ہندوستانی ہائی کمشنر طلب

سوامی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اگر مالدیپ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں گڑبڑی ہوتی ہے تو ہندوستان کو مالدیپ پر حملہ بول دینا چاہئے
مالے نئی دہلی (ملت ٹائمز)
بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامنیم سوامی کے ٹوئٹ پر مالدیپ حکومت نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا ہے۔ ادھر مرکزی حکومت نے خود کو سوامی کے بیان سے الگ کر لیا ہے۔ سوامی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اگر مالدیپ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں گڑبڑی ہوتی ہے تو ہندوستان کو مالدیپ پر حملہ بول دینا چاہئے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق مالدیپ کے وزارت خارجہ کے سکریٹری احمد سریر نے ہندوستانی ہائی کمشنر اکھلیش مشرا کو سمن کیا اور سوامی کے ٹوئٹ پر اظہار تشویش کیا ہے۔ اس کے ساتھ مالدیپ حکومت نے ہندوستانی حکومت سے کہا کہ یہ تشویش والی بات ہے۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجما ن رویش کمار نے بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کے بیان کو ان کا ذاتی خیال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی نے ٹوئٹ میں جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ ان کے ذاتی خیالات ہیں اور ان کا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے“۔

واضح رہے مالدیپ میں ان دنوں صدارتی انتخابات کی گہماگہمی ہے ،اگلے ماہ وہاں انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔سابق صدر محمد نشیدکی پارٹی اور موجودہ صدر یامین عبد القیوم کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔محمد نشید کے ہندوستان سے اچھے تعلقات ہیں جبکہ قیوم کے چین سے اچھے تعلقات ہیں ۔ہندوستان کی پوری کوشش ہے کہ محمد نشید کی پارٹی کوکامیابی ملے ۔گذشتہ سابق صدر محمد نشید نے بدھ کو کولمبو میں سوامی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اس خدشہ کا اظہار کیا تھا جس کے بعد سوامی نے یہ ٹوئٹ کیا۔

SHARE