سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف احتجاج میں بی جے پی بھی شامل ،ہڑتال اور احتجاج سے کیرالہ کی عوام شدید پریشان

ترواننت پورم(ایم این این )
کیرالہ میں سبری مالا کے نلکل میں بدھ کو ہوئے پولس لاٹھی چارج کے خلاف ’سبری مالا سمیتی‘ نے جمعرات کو صبح سے شام تک کی ہڑتال کی اپیل کی تھی جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔نلکل میں مظاہرہ کرنے والے عقیدت مندوں پر ہوئی لاٹھی چارج کے خلاف ہڑتال کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے)، شیوسینا اور دیگر ہند و تنظیموں کی بھی حمایت حاصل تھی۔پولس نے بتایا کہ ریاست کے کئی حصوں میں شروعاتی وقت میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بسوں پر پتھراو کا واقعہ ہوا۔ ریاست میں کے ایس آر ٹی سی کی بسیں اور دیگر پرائیویٹ گاڑیاں سڑکوں سے ندارد رہیں۔ حالانکہ کچھ مقامات پر کئی پرائیویٹ گاڑیاں چلتی نظر آئیں۔ دکانیں اور کاروباری ادارے بھی بند رہے۔
پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر پی ایس شری دھرن پلئی نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نلکل میں مظاہرہ کر رہے عقیدت مندوں پر پولس کی کارروائی کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا یوتھ مورچہ کے کارکن نلکل میں پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یووا مورچہ کے 41 کارکن اپنے ریاستی صدر پرکاش بابو کی قیادت میں پتن متھیٹا ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اعلان کردہ حکم امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے۔ان کے اعلانات کے بعد پرکاش بابو کی قیادت میں مورچہ کے چھ کارکنوں نے نلکل میں مظاہرہ کیا، جنہیں بعد میں پولس نے گرفتار کرلیا۔ پتن متھیٹا ضلع میں واقع پہاڑی مندر کے راستے میں پڑنے والے پنبا، نلکل اور ایرومیلی سمیت مختلف مقامات پر امن وقانون انتظامات اور پولس کی گشت سخت کی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے بدھ سے اگلے دو دنوں کے لئے چار مقامات ایلاونکل، نلکل، پنبا اور سنی دانم میں پابندیاں نافذ کی ہیں۔

SHARE