ویشالی (ایم این این )بہار کے ویشالی میں چوری کے الزام میں ایک بچے کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک کئے جانے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ ضلع کے پہاڑ پور توئی گاوں میں دکان میں چوری کرنے کے الزام میں لوگوں نے بچہ کو پکڑنے کے بعد اس کے ہاتھ پاوں باندھ دئے ۔ اس کے بعد قانون سے بے خوف لوگوں نے اس کی پٹائی بھی کی ۔
لوگ یہی نہیں رکے ،پٹائی کرنے کے بعد بچہ کو ننگا کردیا اور دکان کے گلے کا باکس اس کے سر پر رکھا اور پورے گاوں میں گھمایا ۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ کافی دیر تک بچے کے ساتھ ایسا کیا گیا ، لیکن وہاں موجود لوگ بچے کو بچانے کی بجائے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔
لوگ صرف تماشا ئی بنے رہے اور بھیڑ اس کو ننگا کرنے کے بعد بازار میں گھماتی رہی ۔ اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو ملی ، جس کے کافی دیر بعد پولیس اہلکار جائے واقعہ پر پہنچے ۔ پولیس نے بچہ کی پٹائی کررہے لوگوں کے چنگل سے اس کو آزاد کرایا ۔ فی الحال اس سلسلہ میں پولیس کا موقف نہیں مل سکا ہے۔






