پی ایم کے بھائی نے لگایا یوپی کے سی ایم پر بدعنوانی کا الزام، سی بی آئی سے کیا جانچ کا مطالبہ

وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی نے نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت ’ڈور اسٹیپ ڈیلوری‘ اسکیم کے نفاذ میں اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کرکے سب کو چونکا دیا۔

آل انڈیا فیئر پرائس شاپ ڈیلر ٖفیڈریشن کے سینئر نائب صدر پرہلاد مودی نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ قومی فوڈ سیکورٹی ایکٹ۔2013 کے تحت کوٹہ ڈیلروں کو فی ڈور اسٹیپ ڈیلوری پر 17 روپے ادائیگی کا التزام ہے لیکن انہیں نہیں دیا جارہا ہے۔ اس طرح اس مد کے کروڑوں روپے کہاں جارہے ہیں کوئی افسربتانے کے لئے تیار نہیں ہے اور اترپردیش کی حکومت بھی چپ ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرائی جائے تاکہ کوٹہ ڈیلروں کو انصاف مل سکے۔

اسی طرح مسٹر پرہلاد مودی نے اپنے وزیراعظم بھائی نریندر مودی پر کانگریس کی طرف سے عائد کردہ رافیل دفاعی طیارے میں بدعنوانی کا جوالزام عائد کررہی ہے، اس کا دفاع کرتے ہوئے یہاں کہا کہ ان کا بھائی ایماندار ہے اور وہ بدعنوانی میں ملوث نہیں ہے۔ نامہ نگاروں کے اس سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس وزیراعظم پر رافیل سودے میں بدعنوانی کا سنگین الزام لگارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ’’میں جانتا ہوں کہ میرا بھائی ایماندار ہے۔ وہ بدعنوانی نہیں کرسکتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کا کیا ہے، انہیں ملک کے عوام آنے والے وقت میں جواب دیں گے۔

SHARE