نفرت کی سازشوں کو ناکام بنانے میں برادران وطن کی امن پسندی اورمسلمانوں کاضبط وتحمل قابل تحسین:مسلم پرسنل لاءبورڈ

قانون کی بالادستی امن وامان اورملک کی ترقی کے لیے ضروری۔مولانامحمدولی رحمانی نے آئندہ بھی بھائی چارگی کی روایت برقرار رکھنے اور سنجیدگی کی اپیل کی
نئی دہلی(ملت ٹائمزعامر ظفر)
ملک کی اکثریت بھائی چارگی اورمحبت وامن چاہتی ہے، ملک کی ترقی کے لیے یہ ضروری ہے، فرقہ پرستوں کی سازش تھی کہ اشتعال دلاکر فضاکو زہرآلودکیاجائے، لیکن امن پسند ہندوبھائیوں نے اسے ناکام بنادیا اورمسلمانوں نے بھی خاموشی اورصبر وتحمل کا مظاہرہ کیا،اللہ کی مدد شامل حال رہی اور ناخوش گوار واقعہ نہیں ہوا، اس کاسہرا یقینا ان دونوں طبقات کے سربندھتاہے،اس فلاپ شو سے یہ بھی واضح ہواکہ ملک کی اکثریت کوعدالت پراعتماد ہے، وہ چندلوگوں کے بہکانے اور افواہوں میں آنے والے نہیں ہیں، ان کے مزاج میں نفرت نہیں ہے، ان خیالات کااظہارآل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری امیرشریعت مولانامحمدولی رحمانی نے کیا، اسی کے ساتھ انہوں نے ایک بار پھر سبھوں سے اپیل کی ہے کہ نفرت کی کھیتی کرکے سیاست کرنے والے مٹھی بھر عناصر کی کوشش کو ہمیشہ ناکام بنایاجائے، انہوں نے مزیدکہاہے کہ ہندوستان کی روح اسی کثرت میں وحدت پر ہے، ہر ذی شعور ہندوستانی جو دیش کی ترقی چاہتاہے، کی خواہش ہے کہ محبت ورواداری کے ساتھ رہیں اور ملک کی ترقی کے حصے دار بنیں، کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے امن کی فضاضروری ہے، فرقہ پرستوں کی کل کی ناکامی نے بتادیا ہے کہ ہرسمجھ دار ہندوستانی مہنگائی، کرپشن اورنوکری جیسے امور کے تئیں سنجیدہ ہے، اسے نفرت انگیز مہموں سے نفرت ہے، وہ بنیادی مسائل پر سوچتاہے، ہم اپنے ہر بھائی سے اپیل کرتے ہیں کہ بھارت کی اس خوب صورتی اوررنگارنگی کو برقراررکھیں، پیارومحبت کے ساتھ رہ کر دیش کی ترقی میں ساتھ رہیں،قانون کی بالادستی ملک کی ترقی اورامن وامان کے لیے ضروری ہے،نظم ونسق کی درستگی کے بغیرامن اور دیش کی ترقی ممکن نہیں ہے۔

بابری مسجد معاملے پر انہوں نے کہاکہ مقدمہ سپریم کورٹ میں ہے، ہم عدالت کااحترام کرتے ہیں اورکہہ چکے ہیں کہ صرف سپریم کورٹ کافیصلہ منظور ہوگا، دوسرے فریق کوبھی احترام کرناچاہیے، کورٹ دباﺅ میں نہیں ،ثبوتوں کی بنیاد پر زمین کی ملکیت کا فیصلہ کرے گا، اس میں ہمیں الجھنے، بھڑکنے اوراشتعال میں آنے کی ضرورت نہیں ہے، کچھ لوگ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے امن وامان بگاڑناچاہتے ہیں، ان سازشوں کوناکام بناناہوگا،
جنرل سکریٹری مولانارحمانی نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ڈرنے، خوف کھانے اور ہمت ہارنے کی ضرورت نہیں ہے، حوصلے کے ساتھ رہیے، برادران وطن کے ساتھ خوش اخلاقی سے رہیے، اشتعال انگیزی کی ضرورت نہیں ہے، بڑی اکثریت نفرت نہیں چاہتی، آپ کے امن پسند بھائی آپ کے ساتھ ہیں۔اطلاع کے مطابق شیوسیناورکروں کی ٹرینیں بھی بھر کر نہ کرآسکیں، قبل ازوقت پروگرام ختم کرناپڑا، ذی شعور ہندوستانیوں نے سوجھ بوجھ ، تحمل اورسنجیدگی کامظاہرہ کیا، ہم اس کے لیے ایک بار پھر ان سبھوں کو مبارک باددیتے ہیں اور شکریہ اداکرتے ہیں اور پیارومحبت کی فضاکووسیع کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

SHARE