انگلینڈ: (ایم این این ) برطانیہ کے بزرگ عالم دین شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد یوسف متالا صاحب انتقال فرماگئے ، مولانا شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی رحمة اللہ علیہ کے اجل خلفاءمیں سے تھے اور گذشتہ طویل عرصے سے برطانیہ میں دینی اور تعلیمی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
25 نومبر 1946 میں ہندوستان کے صوبہ گجرات کے علاقے سورت میں آپ کی پیدائش ہوئی ، قرآن کریم اور اردو کی ابتدائی تعلیم مدرسہ ترغیب القرآن میں حاصل کی ، 1961 میں مدرسہ حسینیہ میں درس نظامی کے پانچ سالہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1966 میں مظاہر العلوم سہارنپور تشریف لے گئے ، جہاں آپ نے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی ، حضرت مولانا یونس جونپوری اور حضرت مولانا مظفر حسین سے حدیث پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
1973 میں آپ نے اپنے شیخ حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی کی ہدایت کے مطابق برطانیہ کے شہر بری میں دارالعلوم العربیہ الاسلامیہ کی بنیاد رکھی۔ اس ادارے سے ہزاروں کی تعداد میں علماءپیدا ہوئے ۔برطانیہ میں انگلش اسپیکرز علماءمدرسین اور خطباءکی ایک بڑی تعداددارالعلوم بری کے فارغ التحصیل علماءکی ہے۔
بریڈ فورڈ کے شہر میں طالبات کے لیے جامعہ الامام محمد زکریا اور طلبہ کے لیے مدرسہ مصباح العلوم قائم فرمایا ، علاوہ از این برطانیہ کے مختلف شہروں میں مزید کئی دینی مدراس قائم کیے جن میں مدینہ العلوم گڈ منسٹر ، مرکز العلوم بلیک برن ، مدرسہ الامام محمد زکریا بولٹن ، مدرسہ الامام محمد زکریا پرسٹن ، اظہر اکیڈمی لندن ، المرکز العلم ڈیوز بری اور زکریا جامع مسجد بولٹن شامل ہیں۔مولانا کا انتقال کل بروز اتور 8 ستمبر 2019 بعد مغرب ہوا ، برطانیہ میں آج دس محرم کا دن ہے اور گذشتہ رات دس محرم کی رات تھی۔
مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی بانی ومہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار ۔ مولانا برہان الدین قاسمی ڈائریکٹر مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی ۔ مولانا شمس تبریز قاسمی چیف ایڈیٹر ملت ٹائمز۔